سانحہ بھیرہ موٹروے سروس ایریا کے مقدمہ میں ملوث پاکستان عوامی تحریک کے 59 کارکنان کی درخواست ضمانت مسترد

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:57

حیدرآباد ٹاؤن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت نے سانحہ بھیرہ موٹروے سروس ایریا کے مقدمہ میں ملوث پاکستان عوامی تحریک کے 59 کارکنان کی درخواست ضمانت مسترد کردی جبکہ 42 ملزمان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ ضلع بھکر کے ایک اور مقدمہ میں ملوث عوامی تحریک کے 25 کارکنان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ لیتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت کے جج اکمل خان نے ضلع سرگودھا اور ضلع بھکر کے الگ الگ مقدمات کی سماعت کی جس میں وکلاء نے بحث مکمل کی۔ عدالت نے تھانہ بھیرہ میں درج مقدمہ میں ملوث ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں بند 59 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی جبکہ اسی مقدمہ میں گرفتار سنٹرل جیل میانوالی میں بند 42 ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ تھانہ بھیرہ میں موٹروے سروس ایریا پر توڑ پھوڑ‘ ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت‘ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر زخمی کرنے اور پولیس گاڑیاں نذر آتش کرنے کے الزام میں ایس ایچ او تھانہ بھیرہ ثقلین شاہ کی مدعیت میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری سمیت 8 ہزار سے زائد افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے 230 ملزمان کو گرفتار کرکے جیلوں میں بھجوایا ہے اسی طرح عدالت نے ضلع بھکر میں توڑ پھوڑ‘ جلاؤ گھیراؤ‘ پولیس مزاحمت کے الزام میں گرفتار 25 ملزمان جن کا تعلق پاکستان عوامی تحریک سے ہے‘ کی شناخت پریڈ کے بعد ان کا پانچ دن کیلئے جسمانی ریمانڈ لے کر انہیں 16 ستمبر تک پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس کی طرف سے عدالت میں استدعاء کی گئی تھی کہ ملزمان سے اسلحہ اور دیگر آلات جوکہ جلاؤ گھیراؤ میں استعمال کئے گئے اور نقصان پہنچایا گیا اس کی برآمدگی کیلئے ان کا ریمانڈ دیا جائے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی اور ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔