بدین کے علی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں چوروں نے ڈیرے ڈال دیئے

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:55

بدین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) بدین کے علی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں چوروں نے ڈیرے ڈال دیئے‘ چوری کے واقعات میں اضافہ‘ لاکھوں روپے کا سامان ونقد رقم چوری‘ بدین کے نئے مقرر کردہ ایس ایس پی حسیب بیگ کے سارے دعوے جھوٹے ثابت‘ منتخب شدہ نمائندگان منظر سے غائب‘ عوام بے بس۔ تفصیلات کے مطابق سابقہ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا وسابقہ وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا حلقہ انتخاب بدین اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے‘ بدین میں ایک ہفتہ قبل مقرر کئے جانے والے ایس ایس پی عبدالحسیب بیگ کی جانب سے میڈیا کے سامنے کئے گئے سارے دعوے اس وقت جھوٹے ثابت ہوگئے جب بدین تھانے کے قریب قائم علی ٹاؤن کے گھروں اور بنگلوز سے روزانہ کہیں نہ کہیں چوری کے واقعات ہونا معمول بن گئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران علی ٹاؤن کے رہائشی اشرف میمن‘ ملک ثناء اللہ سمیت قریبی علاقوں کے رہائشی ریاض میمن‘ گوپانگ کالونی اور الیاس کالونی کے علاقوں سے ہزاروں روپے کی نقد رقم سمیت قیمتی سامان چوری کرلیا گیا‘ اس طرح چوری لاکھوں تک پہنچ جاتی ہے‘ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے‘ منتخب نمائندے منظر سے غائب ہیں‘ عوام جائیں تو کہاں جائیں انہوں نے موجودہ ایس پی کے تبادلے اور ایماندار افسر کو ایس ایس بدین لگانے کا مطالبہ کیا۔