شہر کے 13 ٹریفک سگنلز شمسی توانائی پر چلا دیئے گئے

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ٹریفک کی روانی کو ہر ممکن یقینی بنانے کیلئے صوبائی دارالحکومت کے 13 ٹریفک سگنلز پر سولر سسٹم نصب کر دیا گیاہے۔ کینٹ اور ڈیفنس کے 15 ٹریفک سگنلز UPS چل رہے ہیں جبکہ رش والے 2 سگنلز پر ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کار طریقے سے ٹریفک کنٹرول کرنے والے آلات لگائے گئے ہیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ شہریوں کی خدمت اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے تمام تروسائل کوبروئے کار لایاجا رہا ہے۔ ٹریفک سگنلز سولرسسٹم کے ذریعے چلانے کا آغاز کرتے ہوئے گڑھی شاہو ، ٹرن تاج کراؤن، میو گارڈن، دھرمپورہ، چائنہ چوک، شادمان، یتیم خانہ چوک، سمن آباد، ایوب چوک، شوکت خانم، شالیمار چوک، فیصل چوک اور برکت مارکیٹ کے اشاروں میں جدید LED لائیٹس لگا کر شمسی توانائی کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ان 13 اشاروں کے علاوہ کینٹ اور ڈیفنس کے 15 ٹریفک سگنلز پر UPS نصب ہے جس کے باعث ٹریفک سگنلز ہر وقت چلتے رہتے ہیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ سمن آباد اور یتیم خانہ چوک کے ٹریفک سگنلز پر جدید آلات لگائے گئے ہیں جو چاروں طرف کی ٹریفک کے بہاؤ کے مطابق ٹائم میں کمی بیشی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ شہر کی ٹریفک رواں دواں رہے۔