بینک وزیر اعظم یوتھ بزنس لونز پروگرام کے تحت قرضے دیں، اسٹیٹ بینک

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء)10 ستمبر 2014ء کو بینک دولت پاکستان کراچی میں وزیر اعظم یوتھ بزنس لونز پروگرام کے بارے میں تعارفی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ انفراسٹرکچر ہاؤسنگ اینڈ ایس ایم ای فنانس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر عابد قمر نے صدارت کی۔ ورکشاپ میں اسٹیٹ بینک، سمیڈا، کاروباری اداروں کے سربراہوں اور کمرشل بینکوں کے پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کے سربراہوں نے شرکت کی۔

اس موقع پرعابد قمر نے معاشی نمو، روزگار اور برآمدی آمدنی کو تحریک دینے کے حوالے سے ایس ایم ای کے شعبے کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کی جی ڈی پی میں ایس ایم ای کے خاصے بڑے کردار کے باوجود اس شعبے کو بینکاری نظام کی طرف سے فنانسنگ کا مناسب حصہ نہیں مل رہا اور پچھلے پانچ برسوں میں بینکوں کی مجموعی مالکاری میں ایس ایم ای کا حصہ 17 فیصد سے کم ہوکر 6 فیصد رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اس صورتحال سے آگاہ ہے اور اس نے ایس ایم ای شعبے کو بینکوں کے قرضوں کا سائز بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وزیر اعظم یوتھ بزنس لون پروگرام چھوٹے کاروبار کے فروغ اور اس کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے روزگار کی تخلیق میں بہت مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے اس لیے اسٹیٹ بینک حکومت کو اور اس پروگرام کے کامیاب نفاذ کے لیے بطور عملدرآمد ایجنسی کام کرنے والے بینکوں کو بھرپور تعاون فراہم کررہا ہے۔

ورکشاپ کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان کے ای وی پی ارتضیٰ کاظمی اور ایس وی پی زبیر مرزا نے شرکا کو نیشنل بینک کی اس پروگرام سے متعلق پراڈکٹ کے بارے میں بتایا اور پروگرام کے تحت اپنی مالکاری کے مختلف عملی پہلوؤں کی تفصیل سے تشریح کی۔ پروگرام کے بارے میں اٹھائے گئے سوالات پر اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کے نمائندوں نے مفصل وضاحت کی۔ ارتضیٰ کاظمی نے کہا کہ نیشنل بینک نے نوجوانوں کو وزیر اعظم یوتھ بزنس لونز پروگرام کے تحت خودروزگار کے ذریعے مالی آزادی کے مواقع فراہم کرنے کے اس حکومتی اقدام میں بھرپور تعاون کا عزم کررکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان بے حد باہمت ہیں لیکن ان میں بالعموم کاروباری مہارتوں کا فقدان ہے اور قرضے سے محروم رہتے ہیں۔ وزیر اعظم یوتھ بزنس لونز پروگرام انہیں مختلف کاروباری شعبوں میں سیکھنے اور مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا جس سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔کمرشل بینکوں کے شرکا نے وزیر اعظم کے یوتھ بزنس لونز پروگرام میں گہری دلچسپی لی اور اس قسم کی معلوماتی ورکشاپ کا اہتمام کرنے پر اسٹیٹ بینک کو سراہا، جو انہیں اس پروگرام کے تحت مالکاری فراہم کرنے کے لیے اپنی پراڈکٹس ڈیزائن کرنے میں بہت مدد دے گا۔

سیشن کے اختتام پر جناب عابد قمر نے ورکشاپ میں بینکوں کی فعال شرکت اور دلچسپی کی تعریف کی اور خالصتاً میرٹ پر وزیر اعظم یوتھ بزنس لونز پروگرام کے تحت قرضے دینے کے بینکوں کے عزم کو سراہا۔