سکاٹ لینڈ کی متوقع علیحدگی کے خدشات ،پاونڈ کی قدر کم ہو گئی

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:07

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) سکاٹ لینڈ کی متوقع علیحدگی کے خدشات سے پیدا ہونیوالی غیر یقینی صورتحال کے باعث برطانوی پاونڈ کی قدر میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے اور امریکی ڈالر اور یورو کے مقابلے میں یہ 1.3 فیصد کم ہوچکا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سکاٹش ریفرنڈم میں برطانیہ سے علیحدگی کی مہم کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظربرطانوی پاونڈ کی قدرگزشتہ 10ماہ کے دوران کم ترین سطح تک آ گئی ہے۔

غیر یقینی صورتحال سے سکاٹ لینڈ میں قائم کمپنیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ اینڈنبرا میں قائم سٹینڈرڈ لائف کے حصص تین فیصد ، رائل بینک آف سکاٹ لینڈ تقریباً اڑھائی فیصد جب کہ لوئڈز بینک کے شیئرزمیں 2.7 فیصد کمی آئی ہے۔ مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سکاٹ لینڈ ریفرنڈم کے حالیہ جائزے کے نتائج ان تمام سرمایہ کاروں کے لیے بیداری کا پیغام ہیں جنھوں نے سکاٹ لینڈ کی علیحدگی کے اثرات پر غور ہی نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

سکاٹش عوام 18 ستمبر کو ہونیوالے ریفرنڈم میں برطانیہ کیساتھ رہنے یا علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرینگے۔ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کہ آزادی کی صورت میں سکاٹ لینڈ کون سی کرنسی استعمال کریگا۔ جتنا عرصہ ان تمام امور پر غیر یقینی صورت حال برقرار رہے گی ، اس وقت تک اس کے اثرات برطانوی معیشت اور خزانے پر رہیں گے اور یہ تمام صورتحال برطانیہ اور سکاٹ لینڈ دونوں کی معاشی ترقی پر اثر انداز ہو گی۔