جدید ٹیکنالوجی سے مشکوک ایکشنز کو پکڑنے کا منصوبہ

جمعرات 11 ستمبر 2014 13:58

جدید ٹیکنالوجی سے مشکوک ایکشنز کو پکڑنے کا منصوبہ

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر 2014ء) جدید ٹیکنالوجی سے مشکوک ایکشنز کو پکڑنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بولنگ ایکشن کی دوران میچ ہی سینسرز کے ذریعے جانچ کی جا سکے گی، البتہ استعمال کیلیے مزید 2 برس انتظار کرنا پڑسکتا ہے، آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈائس نے کہا کہ ابھی بہت سی چیزوں کی آزمائش باقی ہے، اگلے ہفتے سے حتمی راؤنڈ کے ٹرائلز شروع ہوں گے، مکمل طور پر فول پروف ہونے کی صورت میں اسے استعمال کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے حال ہی غیرقانونی بولنگ ایکشن کا الزام عائد کرکے پاکستانی اسٹار اسپنر سعید اجمل پر پابندی عائد کردی،جس کے بعد ایک بار پھر بولنگ ایکشن کے بارے میں دنیا بھر میں بحث شروع ہوگئی، خاص طور پر آئی سی سی کی جانچ کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کسی بھی بولر کے ایکشن کی دوران میچ جانچ کیلیے ٹیکنالوجی کی تیاری پر کام کررہی ہے، اس سلسلے میں آسٹریلیا میں سینسرز پر مشتمل ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جا رہی ہے جسے بولرز باقاعدہ بازو پر پہن کر بولنگ کریں گے، یوں گیند ریلیز ہوتے وقت ان کے بازو کی درست پوزیشن کے بارے میں علم ہوسکے گا، سینسرز ڈیٹا مرکزی کنٹرول روم کو بھیجیں گے وہاں پر یہ دیکھا جائے گا کہ گیند کے وقت بازو کا خم کتنے ڈگری ہے۔

اس ٹیکنالوجی پر کافی عرصے سے کام ہورہا ہے جبکہ کچھ عرصے قبل انڈر 19 ورلڈ کپ کے موقع پر بولرز کے نیٹ پریکٹس کے دوران جانچ کی گئی تھی۔ اب یہ ٹیکنالوجی اپنی تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہورہی ہے جس کے ٹرائلز آئندہ ہفتے سے کرکٹ آسٹریلیا کے برسبین میں موجود سینٹر آف ایکسی لینس میں ہوں گے،البتہ اس ٹیکنالوجی کی انٹرنیشنل کرکٹ میں فوری دستیابی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

جیف ایلرڈائس نے کہا کہ ابھی بہت سا کام کرنا باقی ہے جس کے بعد ہی ہم یہ کہہ سکیں گے کہ اسے کب آزمایا جائے گا، اس میں 18 ماہ سے 2 برس لگ سکتے ہیں، آپ یہ توقع نہیں کرسکتے کہ آئندہ برس کے وسط میں ہی اس کی دوران میچ جانچ شروع ہوجائے گی۔

ابھی بہت سی چیزوں کو بہتر بنانا ہے، ایک مسئلہ سینسرز کو بازو پر ایک ہی جگہ جمائے رکھنا بھی ہے کیونکہ اگر بولنگ کے دوران ان کی پوزیشن تبدیل ہوگئی تو پھر درست ڈیٹا حاصل نہیں ہوسکے گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس سے قبل ڈسیشن ریویو سسٹم کیلیے بھی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی جسے بھارت نے ابھی تک قبول نہیں کیا، نئی ٹیکنالوجی کو کس طرح لوگ تسلیم کریں گے تو انھوں نے کہا کہ ہم اس ٹیکنالوجی کو بے عیب ہونے کے بعد استعمال کریں گے، جب تمام چیزیں درست ہوں گی تو کوئی مخالفت کیوں کرے گا۔

متعلقہ عنوان :