Live Updates

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات مکمل، ڈیڈ لاک برقرار، ایک مطالبے پر بات نہیں ہو سکتی: اسحاق ڈار

پیر 8 ستمبر 2014 00:36

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات مکمل، ڈیڈ لاک برقرار، ایک مطالبے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی وفد میں اسحاق ڈار اور زاہد حامد شامل تھے جبکہ تحریک انصاف میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین شامل تھے۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کے رکن اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں فریقین میں بات چیت کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور تقریباً تمام چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے تاہم تحریک انصاف کے ایک مطالبے پر بات چیت نہیں ہو سکتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے 2 مطالبات پر مشاورت کے بعد ہی تحریک انصاف کی قیادت کو جواب دے سکیں گے تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت ہی کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو کچھ کہنا تھا حکومتی ٹیم کو کہہ دیا ہے اور جتنی لچک کا مظاہرہ کر سکتے تھے کر دیا ہے ، بات چیت کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور کامیابی کا انحصار اب حکومت پر ہے۔

قبل ازیں نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ تحریک انصاف اور حکومت آرڈیننس کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر متفق ہو گئے ہیں تاہم جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس اور وزیراعظم کے استعفے پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں کمیٹیوں کے درمیان سہ پہر کو مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا تاہم وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے باعث یہ دور جلد ختم ہو گیا تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے تاہم دو تین معاملات پر تحفظات موجود ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات