پنجاب: بارشوں سے تباہی ، ہلاکتوں کی تعداد 120 سے تجاوز کرگئی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 12:12

پنجاب: بارشوں سے تباہی ، ہلاکتوں کی تعداد 120 سے تجاوز کرگئی

لاہور/ گوجرانوالہ/ سیالکوٹ/حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) بارش سے ہونے والے حادثات میں پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو بیس سے تجاوز کر گئی ، چلاس کی نیاٹ ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے آٹھ افراد کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا۔ پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والی مسلسل اور موسلا دھار بارش سے چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں متعدد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔

پنجاب ریکسیو سروسز کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ لاہور میں بارش کے باعث ہونے والے حادثات نے 6 افراد کی جان لے لی ۔ مختلف واقعات میں انتالیس افراد زخمی بھی ہوگئے ۔ راولپنڈی میں چھت اور مٹی کا تودہ گرنے سے چھ افراد جان گنوا بیٹھے ۔ چودہ سالہ لڑکا نالہ لئی میں بہہ کر لاپتہ ہو گیا ، روات کے علاقے کلرسیداں میں کار برساتی نالے میں گرنے سے میاں بیوی جبکہ چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔

(جاری ہے)

گوجر خان میں خاتون ، جہلم میں چھ افراد اور چکوال میں ایک شہری کی زندگی کا خاتمہ ہوگیا ۔ حافظ آباد میں کرنٹ لگنے سے نوجوان دم توڑ گیا ، سیالکوٹ کے علاقے میں امدادی کارروائیوں کے دوران پاک آرمی کا جوان سیار خان شہید ہوگیا ۔ گکھڑ منڈی میں کرنٹ لگنے سے دو افراد دم توڑ گئے ، شیخوپورہ میں بارہ سالہ لڑکے سمیت سات افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

فیصل آباد اور گردونواح میں بارش سے ہونے والی تباہی نے پانچ افراد کی جان لے لی ، نو افراد زخمی بھی ہوگئے ۔ چھتیں گرنے سے نارروال میں بچی جبکہ پسرور میں نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ پسرور میں مختلف واقعات میں خاتون سمیت چار افراد موت کے گھاٹ اتر گئے ۔ حجرہ شاہ مقیم میں گھروں کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت دو افراد دم توڑ گئے ۔ پھول نگر میں بھی ایک خاتون جاں بحق ہوگئی ۔ منڈی احمد آباد اور پتوکی میں بھی دو خواتین سمیت تین افراد لقمہ اجل بن گئے ، تین افراد زخمی بھی ہوئے ادھر چلاس کی نیاٹ ویلی میں تودے گرنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :