موجودہ سیاسی بحران ،پیپلز پارٹی کا مذاکرات سے حل کی کوششیں جاری اور پارلیمنٹ و جمہوری نظام کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ،معاملے کادرمیانی حل نکالاجائے،وزیراعظم کواستعفیٰ نہیں دیناچاہئے،آصف زرداری

بدھ 3 ستمبر 2014 23:32

موجودہ سیاسی بحران ،پیپلز پارٹی کا مذاکرات سے حل کی کوششیں جاری اور ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری رکھنے اور پاکستان کی پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے ۔ بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی حالات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ پارٹی کے اراکین نے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا اور تجاویز پیش کیں۔ پارٹی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کی حمایت جاری رکھے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ سیاسی بحران کومل بیٹھ کرحل کرناہوگا،معاملے کادرمیانی حل نکالاجائے،وزیراعظم کواستعفیٰ نہیں دیناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کسی بحران کامتحمل نہیں ہوسکتا،پارلیمنٹ کی بالادستی یقینی بنائی جائے ،معاملے کادرمیانی حل نکالناچاہئے ،فریقین بات چیت سے مسئلے کوحل کریں ،وزیراعظم کادباوٴکے ذریعے استعفیٰ قبول نہیں ہے ،وزیراعظم کے استعفیٰ کی حمایت نہیں کی جاسکتی یہ بلا جواز ہے ۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ، سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ، سابق وزیراطلاعات شیری رحمن ، شریک چیئرمین کی ڈپٹی پولیٹیکل سیکریٹری فوزیہ حبیب، سابق وزیر داخلہ رحمن ملک، پارٹی کے وسطی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو، پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر اور دیگر پارلیمنٹیرینز اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔