قوم یقین رکھے نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاؤں گا، وزیراعظم

پیر 1 ستمبر 2014 19:55

قوم یقین رکھے نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاؤں گا، وزیراعظم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ قوم یقین رکھے نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاؤں گا جب کہ عوام کا مینڈیٹ یرغمال بنانے کی روایت نہیں پڑنے دی جائے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، فاروق ستار، بابر غوری، مولانا فضل الرحمان، آفتاب شیرپاؤ، اعجاز الحق، حاصل بزنجو، حاجی عدیل ، غلام احمد بلور اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں پارلیمانی سربراہوں نے وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر ممکنہ ماورائے آئین اقدام مقدمے میں فریق بننے کا بھی فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈھائی گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پورا ہفتہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں نے آئین اور جمہوریت کا تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ،سیاسی قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت سے انحراف پاکستان کی سالمیت کے لئے خطرہ ثابت ہوگا۔

پارلیمانی سربراہوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :