کور کمانڈر کانفرنس ،پاک فوج کا جمہوریت کو بھرپور حمایت کا اعلان، سیاسی بحران کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت

اتوار 31 اگست 2014 22:10

کور کمانڈر کانفرنس ،پاک فوج کا جمہوریت کو بھرپور حمایت کا اعلان، سیاسی ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2014ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عسکری قیادت نے موجودہ سیاسی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنے کی توقع ظاہر کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈرز کی ہنگامی کانفرنس ہوئی جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام سمیت پرنسپل اسٹاف کے افسران نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس میں عسکری قیادت نے موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے سیاسی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا جبکہ اسلام آباد میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں عسکری قیادت نے موجودہ بحران کو سیاسی طور پر حل کیے جانے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے رائے دی کہ وقت ضائع کیے بغیر مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جائے جبکہ اس میں مزید کوئی طاقت کا استعمال نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکا پر طاقت کا استعمال صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے لہٰذا مسئلے کے حل کیلئے پرتشدد ذرائع استعمال نہ کیے جائیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ عسکری قیادت نے ملک جمہوریت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج قومی خواہشات کو پورا کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہے گی، فوج قومی معاملات پر کی جانے والے توقعات پر پورا اترے گی اور قوم کی امنگوں کے خلاف کبھی نہیں جائے گی جبکہ پاک فوج ملکی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے

متعلقہ عنوان :