زمبابوے نے آسٹریلیا کو31 سال بعد ایک روزہ میچ میں شکست دیدی

اتوار 31 اگست 2014 21:22

زمبابوے نے آسٹریلیا کو31 سال بعد ایک روزہ میچ میں شکست دیدی

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2014ء)زمبابوے نے سہہ فریقی سیریز کے چوتھے اور اہم میچ میں مضبوط آسٹریلین ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی، آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مائیکل کلارک 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن 49، بین کٹنگ 26 اور مچل مارش 15 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے ان کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکا، زمبابوے کی جانب سے پروسپر اوٹسیا، ڈونالڈ ٹریپانو اور سین ولیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں زمبابوین ٹیم نے بھرپور اعتماد سے بیٹنگ کی اور ابتدائی بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز جوڑے،سکندر رضا 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ماوویو بھی رنز میں 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر بولڈ ہوگئے انہوں نے 15 رنز بنا ئے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز ٹیلر نے 32 بنائے،زمبابوین کپتان ایلٹن چیکمبورا نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو ایک روزہ میچ میں31 سال شکست کا مزدہ چکھا دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ زمبابوے نے 1983 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ ایک روزہ میچ میں شکست دی تھی۔