Live Updates

تحریک انصاف کے مال روڈ پر دھرنے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ،دھرنا کوئنز روڈ پر منتقل کیاجائے‘ انتظامیہ.

ملحقہ شاہراہوں کی بندش سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں،ایس پی سکیورٹی کا رپٹ درج کرنے کا حکم

اتوار 31 اگست 2014 21:15

تحریک انصاف کے مال روڈ پر دھرنے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ،دھرنا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر کارکنوں نے لاہور کی اہم ترین شاہراہ مال روڈ پر بھی دھرنا دیدیا جسکی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا ،انتظامیہ نے تحریک انصاف لاہور کے صدر کو دھرنا مال روڈ سے کوئنز روڈ پر منتقل کرنے کا کہہ دیا ، ایس پی سکیورٹی نے بھی ہائیکورٹ کی طرف سے پابندی کے احکامات کی روشنی میں رپٹ درج کرنے کا حکم دیدیا ۔

پولیس کی طرف سے تحریک انصاف کے دھرنے کے شرکاء کی سکیورٹی کے پیش نظر مال روڈ کی طرف آنے والی ملحقہ شاہراہوں کو بیرئیر اور خاردار تاریں لگا کر بند رکھا گیا جسکی وجہ ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں ۔

قبل ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان اور ڈی آئی جی آپریشنزحیدر اشرف نے مال روڈ کا دورہ کیا اور دھرنے کی سکیورٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈی سی او کی طرف سے پی ٹی آئی اے لاہور کے صدر عبد العلیم خان کو ایک خط دیا گیا ہے جس میں انہیں مال روڈ پر دھرنے کی وجہ سے شہریوں ‘ مال روڈ پر کاروبار کرنے والے تاجروں کی مشکلات اور ہائیکورٹ کے حکم سے آگاہ کرتے ہوئے دھرنے کو کوئنز روڈ پر منتقل کرنے کا کہا گیا ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایس پی سکیورٹی کی طرف سے بھی تحریک انصاف کے رہنما و رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال کو ایک خط دیا گیا ہے جس میں انہیں ہائیکورٹ کی طرف سے مال روڈ پر اجتماع کرنے پر پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ ایس پی سکیورٹی نے تھانہ سول لائنز کو دھرنے کے شرکاء کے خلاف رپٹ درج کا بھی حکم دیاہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات