حکومتی مذاکراتی ٹیم میں چودھری نثار سب پر بازی لے گئے، اہم ترین میچ میں چودھری نثار مین آف دی میچ کے طور پر ابھر کر سامنے آئے

جمعرات 28 اگست 2014 23:48

حکومتی مذاکراتی ٹیم میں چودھری نثار سب پر بازی لے گئے، اہم ترین میچ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اگست۔2014ء)حکومتی مذاکراتی ٹیم میں چودھری نثارعلی خان سب پر بازی لے گئے،بگڑے سیاسی حالات کو وفاقی وزیر داخلہ نے سیاسی بصیرت اور بہترین تعلقات کے بل بوتے پر حل کرنے میں آخر میں اہم کردار ادا کیا اور اس اہم ترین میچ میں اس وقت چودھری نثار علی خان مین آف دی میچ کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہے ہیں اور اگر مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں تو وہ یقینا مین آف دی میچ قرار پائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق14اگست کی شام سے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں غیر یقینی سیاسی صورتحال تھی جہاں سیاسی کشیدگی کے باعث سیاسی درجہ حرارت زیادہ تر زیادہ تر اوپر ہی رہا ۔ اس 14روزہ عرصہ کے دوران عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو انتہائی ٹف ٹائم دیا جہاں دونوں جماعتوں نے پہلے تو ریڈ زون میں داخل ہونے سے قبل حکومت کے ساتھ مذاکرات ہی شروع نہ کیے اور جب مذاکرات شروع کیے گئے تو یہ مذاکرات مسلسل ناکام ہی نظر آئے۔

(جاری ہے)

صرف حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان پانچ مذاکراتی دور ہوئے مگر نتیجہ صفر رہا جبکہ طاہر القادری کے ساتھ بھی حکومتی مذاکراتی عمل بری طرح ناکام ثابت ہوا۔ طاہرالقادری کے ساتھ مذاکرات میں گورنرپنجاب چودھری غلام سرور اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اہم کردار ادا کیا مگر مذاکرات کا فائنل راوٴنڈ یہاں بھی ناکام ہی رہا۔دونوں جماعتوں کی طرف سے مذاکرات کا یہ کھیل نو مور پر ختم ہوا جہاں تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے یکے بعد دیگر حکومت کے ساتھ مذاکرات مکمل ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور بظاہر صورتحال بہت زیادہ کشیدہ نظر آرہی تھی مگر اس صورتحال میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اپنی سیاسی بصیرت اور تعلقات کے ذریعے میچ کا ناصرف ایکسٹرا ٹائم حاصل کیا بلکہ اس ایکسٹرا ٹائم میں پوری حکومتی مذاکراتی ٹیموں پر اپنی برتری بھی ثابت کر کے دکھائی۔

اب تک کے مذاکراتی کھیل میں وفاقی وزیر داخلہ بظاہر سب سے آگے اور نمایاں نظر آتے ہیں اور اگر آج مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں تو یقیناً و مین آف دی میچ قرار پائیں گے۔دوسری جانب سے چودھری نثار علی خان نے اس میچ کو کرکٹ کی بجائے فٹ بال میچ بھی ثابت کردیا ہے جس میں ابتدائی راوٴنڈ ختم ہونے کے بعد اضافی ٹائم لیا جاچکا ہے۔