سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت 21 افراد کے خلاف درج

جمعرات 28 اگست 2014 16:43

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت 21 افراد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2اگست 2014ء) مقدمے میں قتل، دہشتگردی، اقدام قتل اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات بھی شامل ہیں۔ لاہور تھانہ فیصل ٹائون میں سانحہ ماڈل ٹائون کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں وزیراعظم، وزیراعلیٰ سمیت 21 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سانحہ ماڈل ٹائون کا مقدمہ درج کے لئے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت دی تھی۔

لاہور پولیس نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر عمل درآمد کے لئے ایس ایچ او فیصل ٹاون کو حکم دیا جس میں کہا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ماڈل ٹائون سانحہ کا مقدمہ درج کیا جائے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے مقدمے کا نمبر 693/14 ہے جبکہ مقدمے میں دفعہ 302, 307, 148, 149, 334 اور 109 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انسدا دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی پولیس کی مدعیت میں درج ہونیوالی ایف آئی آر میں نامزد ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو تھانہ فیصل ٹائون کے تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی پولیس کی مدعیت میں درج ہونیوالی ایف آئی آر میں نامزد ملزم سابق ایس ایچ او شادمان عاصم شیخ کے علاوہ ایلیٹ فورس کےمحمد دلاور، نثار احمد۔ بابر اور عبید شامل ہیں۔ تفتیش میں یہ قصور وار پائے گئے ہیں لہذا ان کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری کئے جائیں۔ عدالت نے ان ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پانج ستمبر کو انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کاحکم دیدیا ہے۔