دوسرا ون ڈے، سری لنکا نے پاکستان کو 77 رنز سے شکست دیدی

منگل 26 اگست 2014 22:05

دوسرا ون ڈے، سری لنکا نے پاکستان کو 77 رنز سے شکست دیدی

ہمبنٹوٹا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 77 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 311 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں احمد شہزاد اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان صرف 9 رنز بنا کر ملینگا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے جس کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر سکور کو 100 رنز تک پہنچایا۔

محمد حفیظ 62 جبکہ احمد شہزاد 56 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ان کے بعد عمر اکمل نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور صرف ایک رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

کپتان مصباح الحق نے 36 جبکہ صہیب مقصود نے 9 رنز بنائے۔ بوم بوم آفریدی اپنا زور بازو نہ دکھا سکے اور 17 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ وہاب ریاض نے ٹیم کے سکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے این ایل ٹی سی پریرا نے 3، ہیراتھ، ملینگا اور پراسانا نے 2، 2 جبکہ دلشان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان میتھیوز 93، جے وردھنے 67 جبکہ پریرا 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4، محمد حفیظ نے 3 جبکہ جنید خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان چار وکٹوں سے جیت گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :