پاکستان انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے آئندہ 72 گھنٹے بہت اہم ہیں، الطاف حسین

پیر 25 اگست 2014 12:10

پاکستان انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے آئندہ 72 گھنٹے بہت اہم ہیں، الطاف ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 2اگست 2014ء) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہمارے ہاتھ سے وقت تیزی سے نکلا جارہا ہے اور اگلے 72 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے، ملک کو اندرونی وبیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے اوراب تک قومی خزانے کو 8 سو ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچ چکا ہے۔

ہمارے پاس وقت بہت کم ہے اور ہمیں اب انتہائی تیز رفتاری سے فیصلے کرنا ہوں گے، کہیں ایسانہ ہو کہ قدرت نے ہمیں بات چیت اور افہام و تفہیم کا جو موقع عطا کیا ہے اسے ہم سوچ وبچار کرتے گزار دیں ۔ اگر وقت ہمارے ہاتھوں سے نکل گیا پھر پچھتاوے کے سوا برسوں تک کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔

(جاری ہے)

ہنگامی بنیادوں پر ایم کیوایم کے سینئر ارکان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جسے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بات چیت کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ ملک کو درپیش موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کا پرامن اور جمہوری حل تلاش کیا جاسکے۔

الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے بیشتر مطالبات عوامی امنگوں کے ترجمان ہیں جن کا آئین وقانون سے ہرگز تصادم نہیں ہوتا، ایسے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کرنے کے لئے حکومت فی الفور اپنی جماعت کے رفقاء کا اجلاس طلب کرے ۔