مذاکرات میں تحریک انصاف نے نیا فارمولہ دے دیا

ہفتہ 23 اگست 2014 20:23

مذاکرات میں تحریک انصاف نے نیا فارمولہ دے دیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اگست۔2014ء) تحریک انصاف اور حکومت میں مذاکرات کا تیسرا دور ختم ہو گیا ہے۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک فارمولا پیش کیا ہے:بی بی سی کے مطابق ’حکومت نے تجویز کی کہ ایک جوڈیشل کمیشن بنا دیا جائے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل جو اس سارے معاملے کی چھان بین کرے اور ایک نتیجے پر پہنچے کے شفاف تھے یا نہ تھے۔

جوڈیشل کمیشن کی ہم نے تجویز قبول کر لی اور کہا کہ ٹھیک ہے جوڈیشل کمیشن وجود میں آ جائے مگر اس کے لیے ہماری کچھ شرائط ہیں۔

(جاری ہے)

جوڈیشل کمیشن روز کی بنیاد پر تحقیقات کرے اور 30 روز کے اندر رپورٹ پیش کرے۔ اس دوران ماحول کو کسی قسم کے اثر سے پاک رکھنے کے لیے وزیراعظم کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔صرف تیس دن کی بات ہے وزیراعظم بری الزمہ ہوتے ہیں اور جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کہتی ہیں کہ انتخابات شفاف تھے تو وہ اپنا اقتدار جاری رکھتے ہیں۔

اکثریت ان کی رہتی ہے، وزیراعظم ان کا نامزد کردہ ہو گا، ان کی جماعت اکثریت میں ہے ان کا نامزذ کردہ وزیراعظم حکومت کرے گا اور وہ جس کو چاہیں گے بنا دیں گے اگر وہ بری الزمہ نہیں ہوتے تو نئے انتخابات کا اعلان کیا جاتا ہے ایک نئے الیکشن کمیشن کے ساتھ۔‘