Live Updates

امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے ہمیں خود اپنی قیادت چننے دے ، عمران خان

جمعرات 21 اگست 2014 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے  امریکہ ہمیں خود اپنی قیادت چننے دے  ہماری داخلی سیاست میں جانبداری نہ کرے خورشید شاہ کے خلاف نیب میں کیسزہیں کیسے نواز شریف کے سامنے کھڑے ہوں گے، قمر زمان کائرہ صاف آدمی ہیں مذاکراتی کمیٹی میں تسلیم کر لیں گے محمود اچکزئی سمیت سب ارکان پارلیمنٹ نے اپنا ضمیر بیچ دیا ہے  فوج کو سیاسی معاملے میں مداخلت کر نے کی ضرورت نہیں  زیادہ سے زیادہ ہفتے کی رات تک معاملہ ختم ہوجائیگا اور امپائر کی انگلی اوپر چلی جائیگی ۔

وہ آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ امریکہ دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت اور وزیر اعظم کو جائز قرار دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رچرڈ اولسن اپنی وزارت خارجہ کو یہ پیغام پہنچا دیں کہ امریکہ کو پاکستان کی سیاست میں مداخلت کا حق نہیں ہے اور امریکہ کو جانبداری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ پاکستان کو ایک دوست کی حیثیت سے رہنا چاہتا ہے تو وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کی طرح غلام بن کر نہیں رہیں گے،نواز شریف امریکہ کے غلام ہیں کیونکہ امریکی بینکوں میں ان کا پیسہ پڑا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ امریکہ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمیں کہیں کہ نواز شریف ایک جمہوری وزیراعظم ہیں انہوں نے امریکی سفیرکومخاطب کرتے ہوئے سوال کیاکہ رچرڈ ہولسن بتائیں کہ اگر ان کے ملک میں ہرحلقے میں 70 سے80ہزارووٹوں کی تصدیق نہ ہوسکے توکیااس کے نتائج کوتسلیم کیاجائیگا عمران خان نے کہاکہ میں اس ملک کو نواز شریف سے آزاد کئے بغیر اسلام آباد سے نہیں جاؤں گا حکمران فیصلہ کر لیں کہ وہ عزت سے اقتدار چھوڑیں گے یا نہیں۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ سے مودبانہ گزارش ہے کہ ہمیں آپ کی ڈکٹیشن اور این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے ورکروں سے وعدہ کیا کہ میں نواز شریف کی طرح امریکہ سے مدد نہیں مانگتا۔ عمران خان بطور وزیراعظم امریکی ہتھیار نہیں بنے گا۔ انقلاب مارچ سے خطاب میں عمران خان نے کہاکہ ہم کسی سے لڑائی نہیں چاہتے، ہم ایک پرامن لوگ ہیں انہوں نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ پر اپنے وکیلوں کے ذریعے واضح کر چکے ہیں کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے، اگر حکومت کی جانب سے تشدد کیا گیا تو پھر وہ بھی اپنے کارکنوں کے ساتھ وزیر اعظم ہاوٴس جائیں گے۔

عمران خان نے کہاکہ کارکنوں کو حکم دیا ہے کہ جہاں جہاں کنٹینرز ہیں انہیں ہٹا دیا جائے۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ امتحان کا دن ہے اور نیا پاکستان بن جائے گاعمران خان نے کہاکہ اگر اسلام آباد انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے پرامن احتجاج کرنے والوں کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی گئی تو میں اور طاہر القادری اکھٹے ہو جائیں گے۔

گلو بٹوں نے قانون توڑا تو اپنے کارکنوں کو لے کر وزیراعظم ہاؤس پہنچ جاؤں گا۔ عمران خان نے پاکستان بھر میں حکومت کے خلاف مظاہروں کی کال دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ سول نافرمانی پر قائم رہیں اور حکومت کو کسی قسم کا ٹیکس اور بل نہ دیں۔ تحریک انصاف نے کہاکہ وزیراعظم بننے سے کسی کو عزت نہیں ملتی کتنے وزیراعظم آئے چلے گئے، لوگ انہیں گالیاں دیتے ہیں مگر عمران خان کو صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں عزت دی جاتی ہے۔

ان کے پاس وہ سب کچھ ہے جس کے لئے حکمران اپنا ضمیر بیچ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا محور عوام اور عوامی خدمت ہے اور ان کا سب کچھ پاکستان میں ہے سات روز کے دھرنے کے دوران ابھی تک کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی قدم نہیں اٹھایا۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ آفتاب چیمہ کو تحریک انصاف کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے پر ہٹایا گیا ہے۔

ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک نیا آئی جی اسلام آباد لایا گیا ہے جس کا مقصد تحریک انصاف کی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ان پر طاقت کا استعمال کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کیا تو اس سخت ردعمل سامنے آئے گا اور اگر تحریک انصاف کا کوئی ایک کارکن بھی زخمی ہوا تو اس آئی جی اسلام آباد پاکستان کے کسی کونے میں نہیں چھپنے دیں گے۔

عمران خان نے کہاکہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا عرصہ مغرب میں گزرا ہے۔ میں مغرب کی جمہوریت کو نواز شریف سے بہت اچھے طریقے سے جانتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کیساتھ کون کون کھڑا ہے۔عمران خان نے کہاکہ جب تک نواز شریف استعفیٰ نہ دے دیں میں اس وقت تک یہاں سے نہیں جاؤں گا، میں نے ملک کو نواز شریف سے آزاد کروانا ہے وہ فیصلہ کر لیں عزت سے جانا ہے کیونکہ آپ کو جانا تو ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آئندہ دو دن میں فیصلہ ہو جائے گا، ہفتے تک حتمی فیصلہ ہو چکا ہوگا۔عمران خان عوام سے کہا کہ کراچی والے تین تلوار پر اسکرین لگا کر جمع ہوں، کوئٹہ والے شہر اور لاہور والے لالک چوک پر تحریک انصاف کے ساتھ شریک ہوں اور بادشاہت ختم کرکے پاکستان کو آزاد کروائیں۔انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے خلاف نیب میں کیسز میں وہ کیسے نواز شریف کے سامنے کھڑے ہوں گے، ہم قمر زمان کائرہ کو مذاکراتی کمیٹی میں تسلیم کر لیں گے وہ صاف آدمی ہیں، محمود خان اچکزئی کو صاف آدمی سمجھتے تھے انہوں نے اپنے بھائی کی بلوچستان میں گورنری بچانے کیلئے اپنا ضمیر بیچ دیا۔

انہوں نے کہاکہ تمام ارکان پارلیمنٹ نے اپنا ضمیر بیچ دیا ہے ۔مولانا فضل الرحمن کو مخاطلب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ مولانا صاحب جب ہماری حکومت آئی تو آپ کو ڈیزل کے پرمٹ نہیں ملیں گے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ فوج کو سیاسی معاملے میں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے اسے سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نے پاکستان کی سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، وزیر اعظم ان کے سامنے بیٹھا ہوا ہے اسی لیے وہ ہمیں یہ حکومت قبول کرنے پر زور دے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ کون ہوتا ہے کہ وہ ہمیں بتائے کہ ہم حکومت قبول کریں وہ صرف انتخابات مانیٹر کرکے اس پر بات کرے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑا، ہمیں طاہر القادری کا پلان معلوم نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات