قصور، حضرت بابا بلھے شاہ کے 257واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات 24اگست سے شروع ہو نگی

جمعرات 21 اگست 2014 22:14

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء)پنجاب زبان کے عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ  کے 257واں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات قصور میں 24اگست سے شروع ہو رہی ہے جو26اگست تک جاری رہے گی اور تین روزہ تقریبات کا اختتام قوالی کے رنگ پر ہوگا۔سیکرٹری اوقاف پنجاب کے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق دربار کے امور مذہبیہ کمیٹی کے چےئرمین سیٹھ محمداکرم کی زیرنگرانی تشکیل دی جانے والی 9رکنی ممبران میں حاجی نسیم اعجاز قادری، مہر عبدالحمید قادری،حاجی شیخ منیر احمد،حاجی احسان احمدصابری، شیخ حبیب احمدنقشبندی، حاجی محمدلطیف قادری، حافظ کاشف شوکت، شیخ حاجی عبدالرحمن ،بابا محمداسلم نقشبندی شامل ہیں۔

سیٹھ محمداکرم چےئرمین کے مطابق تین روزہ شروع ہونے والی عرس کی تقریبات میں 24اگست بعد از نماز عشاء محفل مشاعرہ ہوگی جس میں ملک بھر کے شعراء اکرام باباجی کو منظوم خراج عقیدت پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

اسی روز رات 12بجے محفل نعت ہوگی۔قادری نعت کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں مدثر احمدہمدانی ،ملک عمران حنیف قادری، الحاج شوکت نقشبندی، محمدسلیم حیدری، عدنان نسیم قادری ،قاری محمدسعید قادری، اختر زمان خاں،ملک شاہد محمود ودیگر ثنا خواں ہدیہ عقیدت پیش کریں گے۔

25اگست بعد از نماز عشاء سجادہ نشین خواجہ دائم الحضوری قصوری سید پیر عمران احمد ولی شاہ کی زیر صدارت محفل سماع ہوگی۔ جس میں مدنی نعت کونسل کے سرپرست حاجی صفدر علی کے علاوہ دیگر شخصیات کی شرکت ہوگی اور معروف قوال آصف علی سنتوخان قوال اوران کے ہمنوا نذرانہ عقیدت پیش کریں گے جبکہ آخری دن26اگست کو سجادہ نشین خواجہ دائم الحضوری سید پیر علی حیدر شاہ بخاری کی زیر صدارت محفل سماع میں فیض علی فیضی قوال کلام بلھے شاہ اور دیگر صوفی شعراء کا کلام پیش کریں گے۔

تقریب میں سماجی رہنما آصف رحمت علی انصاری ،بشارت علی قادری ،سمیر علی کاشانی اور دیگر عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کی شرکت ہوگی۔تقریبات کے نقیب محفل چےئرمین پریس کلب قصور الحاج شوکت نقشبندی ہوں گے۔حضرت بابا بلھے شاہ  عرس مبارک کی تقریبات کے انتظامات کے لیے گزشتہ روز ADCقصور اورایڈمنسٹریٹر TMAقصور محمدشاہد کی زیر نگرانی باؤ نیامت علی ،سینئر صحافی شیخ محمدحسین ،فضل حسین بھٹہ،منصب علی بھٹی نے دربار پر آنے والے زائرین کے لیے ان کے انتظامات ،صفائی،پینے کے پانی کے سبیلیں لگانے کے علاوہ دیگر امور پر جائزہ لیا اور محکمہ اوقاف کے مینجر اور دوسرے سٹاف سے ایک میٹنگ کی۔

جس میں انہوں نے محکمہ اوقاف کے سٹاف کوہدایت کی کہ وہ دربار کے انتظامات میں کوئی کسرنہ چھوڑیں اوردوردراز سے آنے والے عقیدت مندوں کی کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں ملنی چاہیے۔