ملک کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پرایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کااظہار تشویش

جمعرات 21 اگست 2014 21:59

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملک کی تازہ ترین بدلتی ہوئی اور بگاڑ کی طر ف جانے وا لی سیاسی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت ، تحریک انصاف،پاکستان عوامی تحریک اوران کی حلیف جماعتوں کے سربراہان اور رفقائے کار سے ایک مرتبہ پھر پرزوراپیل کی ہے کہ وہ صبر سے کام لیں اور حکومت ودیگر ارباب اختیاربھی تحمل کا مظاہرہ کریں ۔

اپنے بیان میں االطاف حسین نے تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور ان کی حلیف جماعتوں کے سربراہان اوردیگر رہنماوٴں سے بھی پرزوراپیل کی کہ وہ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں ، تندوتیز اور تضحیک آمیز الفاظ یا جملے استعمال کرنے سے گریز کریں اوراپنی تقاریرمیں شائستگی اختیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں اختلاف رائے کا حق سب کو حاصل ہوتا ہے لیکن اختلاف کو دشمنی میں ہرگز تبدیل نہیں کرنا چاہیے اور یہ ہمیشہ خیال رکھنا چاہیے کہ ملک صرف حکمرانوں یاحکمراں جماعت کاہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ ساتھ جاری ہے اپوزیشن جماعتوں،دھرنے دینے والوں اوردھرنے کی مخالفت کرنیوالوں،سبھی کا ہے اور ملک کی سلامتی وبقاء اوراستحکام کی ذمہ داری بھی سب پر عائد ہوتی ہے ۔

االطاف حسین نے حکومت سے دردمندانہ اپیل کی کہ آپ بھی دھرنے دینے والوں کے خلاف دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے یا طاقت کا استعمال کرنے سے ہرممکنہ طور پر گریز کریں اور معاملات کوافہام وتفہیم سے حل کرنے کیلئے مذاکرات کاجوعمل شروع کیا تھا کوئی وقت ضائع کیے بغیر اس کافی الفور دوبارہ آغاز کیاجائے اور”کچھ دو اور کچھ لو “کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایسے حل کی طرف جائیں جہاں کسی کی بھی عزت نفس مجروح نہ ہو۔

االطاف حسین نے کہاکہ ملک کی اس صورتحال کا تمام مکاتب فکر کے لوگ بشمول ریاستی ادارے ،سب ہی بہت قریبی نگاہ سے جائزہ لے رہے ہیں لہٰذا میں حکومت او ردھرنے دینے والوں سے یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ بہتر ہے کہ وہ آپس میں ہی بات چیت کے ذریعہ جلد ازجلدکوئی قابل قبول حل تلاش کرلیں ورنہ پھر کہیں ایسا نہ ہوکہ ریاست، ملک کی سلامتی وبقاء کیلئے مداخلت کرنے پر مجبورہو ۔