پارلیمنٹ ہاؤس سمیت کسی ریاستی ادارے کو یرغمال بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،سعد رفیق

جمعرات 21 اگست 2014 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تمام ریاستی ادارے آئین و قانون کے طابع ہیں،پارلیمنٹ ہاؤس سمیت کسی ریاستی ادارے کو یرغمال بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی چند ہزار لوگوں کے احتجاج پر کروڑوں پاکستانیوں کے دیئے گئے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی آئین اور جمہوریت پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائیگی، تبدیلی جمہوریت سے آسکتی ہے دھرنوں سے نہیں۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے حکومت نے شروع دن سے ہی لچک کا مظاہرہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں، چند ہزار لوگوں کے احتجاج پر کروڑوں پاکستانیوں کے دیئے گئے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عمران خان اور طاہر القادری منفی اور اکسانے والے بیانات دے رہے ہیں، حکومت مسلسل صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے احتجاج کرنے والوں کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا، عمران خان اور طاہر القادری نے امن کا نعرہ بلند کرتے ہیں مگر اپنے وعدوں سے پھر جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند ہزار لوگوں کا گروہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یرغمال نہیں بنا سکتا، عمران خان اور طاہر القادری کے مطالبات کا حل پارلیمنٹ سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات، حلقوں کو کھولنے اور بہتر نگران حکومت کے مطالبات کا صحیح فورم پارلیمنٹ ہے اور وہاں ان تمام مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عمران خان کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کو غیر آئینی قرار دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین کے دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :