حج 2014ء ، فیصل آباد ائیر پورٹ سے عازمین حج کی پہلی پرواز 5ستمبر کو براہ راست جدہ روانہ ہوگی

جمعرات 21 اگست 2014 21:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) حج 2014ء کے لئے فیصل آباد ائیر پورٹ سے عازمین حج کی پہلی پرواز 5ستمبر کو براہ راست جدہ روانہ ہوگی ۔فیصل آباد حاجی کیمپ سے 2080عازمین حج شاہین ائیر لائن کی 13فلائٹس کے لئے جدہ جائیں گے۔فیصل آباد ائیر پورٹ سے روزانہ شام پانچ بجے 160عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے اوریہ آپریشن 17ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

یہ بات ڈائریکٹر حج وزارت مذہبی امور ملک سعید احمد کی زیر صدارت ڈی سی اوآفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جو حج آپریشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی او(ایچ آر ایم)خالد مسعود فردکہ،ایس پی ایڈمن مریم ناہید،کوآرڈینیٹر حج احسان شاہ،حج کمیٹی کے ارکان محمود عالم جٹ،چوہدری منیر احمد،ریجنل ڈائریکٹر شاہین ائیرلائن ایم اے ثقلین ودیگر کے علاوہ ٹیکس،کسٹم،ائیر پورٹ سیکورٹی فورس،محکمہ صحت،تعلیم،بلڈنگز،روڈز،فیسکو،واسا،ریسکیو1122،سول ڈیفنس کے نمائندوں اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایاگیا کہ عازمین حج اپنی فلائٹس سے دوروز قبل حاجی کیمپ میں رپورٹ کرکے اپنی سفری دستاویزات مکمل کرلیں گے جبکہ انہیں اپنے انتظامات کے تحت فلائٹ کے وقت سے چار گھنٹے قبل ائیر پورٹ پہنچنا ہوگا۔مزید برآن حاجی کیمپ میں عازمین حج کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا پروگرام 26،اگست سے شروع ہو جائے گا۔اجلاس کے دوران حاجی کیمپ میں صفائی ستھرائی ،تزئین وآرائش،بینکس اور دیگر محکموں کے بوتھس،سیکورٹی ،گاڑیوں کی پارکنگ،میڈیکل کیمپ کے قیام اور دیگر متعلقہ امور کاجائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر حج نے کہا کہ جج آپریشن کے دوران عازمین حج کی خدمت کے نیک کام کو مربوط انداز میں مکمل کیا جائے گا اس سلسلے میں انتظامات میں مزید بہتری لانے کی کوشش ہونی چاہیے۔

حج کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ حسب روایت حاجی کیمپ میں عازمین حج کی سہولت اور معاونت کے لئے پہلے سے بڑھ کر رضا کارانہ خدمات انجام دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :