قومی اسمبلی میں آفتاب شیر پاؤ اور محمود خان اچکزئی کی تقاریر پرانتہائی حیرت ہے ، شیریں مزاری

جمعرات 21 اگست 2014 21:53

قومی اسمبلی میں آفتاب شیر پاؤ اور محمود خان اچکزئی کی تقاریر پرانتہائی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری اور مرکزی قیادت نے قومی اسمبلی میں آفتاب شیر پاؤ اور محمود خان اچکزئی کی تقاریر پرانتہائی حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے رہنما جن کا جمہوریت کے حوالے سے کردار مشکوک ہے تحریک انصاف کے چیئرمین پر بلاجواز تنقید میں مصروف ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آفتاب شیر پاؤ کے نام کی گونج ایک عرصہ تک مہران بینک سکینڈل کے حوالے سے سنائی دیتی رہی جبکہ اچکزئی مسلم لیگ نواز سے مک مکا ہی کے نتیجے میں اپنے بھائی کو گورنر بنوانے میں کامیاب ہوئے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے انتہائی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ایسے وقت میں جب افواج پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ایک بھر پور کارروائی میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

اچکزئی کس کی ایما پر ان کے خلاف نکتہ چینی اور تنقید میں مصروف ہیں؟انہوں نے کہاکہ موجود اسمبلیاں عوام کی خدمت کرنے میں بالکل سنجیدہ نہیں بلکہ اختیارات اور مراعات کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کی قیادت نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت پر بھی شدید رد عمل کا اظہار کیا اور وزیراعظم نواز شریف کے حق میں بیان کو ناقابل قبول قرار دیا۔

ان کا کہنا ہے حالیہ صورت حال میں امریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کے کسی سیاسی رہنما کی معصومیت کے سرٹیفکیٹ کے اجراء کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ اور ملک میں داخلی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیاں پاکستان کے اندرونی معاملات ہیں جن میں امریکہ کو مداخلت کا کوئی حق نہیں چنانچہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکی انتظامیہ اس پورے معاملے سے بالکل الگ رہے۔

متعلقہ عنوان :