الیکشن کمیشن نے اردو بازارسے لاکھوں اضافی بیلیٹ پیپرز چھپوانے کے الزامات مسترد کر دیئے ،الزامات بے بنیاد ہیں، کسی پرائیویٹ پرنٹنگ پریس سے ایک بیلٹ پیپربھی نہیں چھپوایا،صوبائی الیکشن کمشنرمحبوب انور

پیر 18 اگست 2014 22:10

الیکشن کمیشن نے اردو بازارسے لاکھوں اضافی بیلیٹ پیپرز چھپوانے کے الزامات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے اردو بازار لاہور سے 2013 ء کے انتخابات کیلئے لاکھوں اضافی بیلیٹ پیپرز چھپوانے کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنرمحبوب انورنے خود پرلگائے گئے الزامات کوبے بنیادقراردیتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے کسی پرائیویٹ پرنٹنگ پریس سے ایک بیلٹ پیپربھی نہیں چھپوایا ۔

پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مئی 2013 ء کے انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز چھپوانے کا فیصلہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان پریس (پی سی پی پی ) اسلام آباد اور پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی ) کے حکام کے ساتھ چھ اور سات ستمبر 2012 ء کو ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا دونوں پرنٹنگ پریس کی استعداد کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ اٹھارہ کروڑ مجوزہ مجموعی بیلٹ پیپرز میں سے 11 کروڑ 25لاکھ پی سی پی پی اور6کروڑ75لاکھ پی ایس پی سی سے چھپوائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا ہے کہ تمام بیلٹ پیپرزپرمسلسل نمبردرج ہوتے ہیں اورانہیں سیل شدہ تھیلوں میں انتہائی سیکیورٹی ریٹرننگ افسران تک پہنچایاجاتاہے ۔بیان کے مطابق پی سی پی پی نے ایسے کاغذ پر بیلٹ پیپرز پرنٹ کروائے جو عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں اور یہ دوپیپرزملز سے خریدے گئے ۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ایساممکن نہیں کہ ریٹرننگ افسران کوحصوں میں بیلٹ پیپرزبھیجے جائیں کیونکہ وہ ایسی صورت میں بیلٹ پیپرز وصول نہیں کرتے اس لئے بیلٹ پیپرز ایک ہی باراکٹھے بھجوائے جاتے ہیں۔

بیان کے مطابق 7مئی2013ء کومنیجر پی سی پی پی نے پنجاب کے صوبائی الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ بیلٹ پیپرز کی بہت بڑی تعداد پرنمبر لگانے کیلئے ہنرمند افراد کاانتظام کیاجائے ورنہ ڈلیوری پلان کے مطابق ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز نہیں پہنچائے جاسکیں گے جس پرپنجاب الیکشن کمیشن نے اس وقت کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے تعاون سے لاہور اورراولپنڈی کی مقامی مارکیٹوں سے 122ہنرمند افراد کو منیجرپی سی پی پی کے پاس بھجوایاگیا تاکہ بیلٹ پیپرزپرنمبرلگانے کیلئے ان کی خدمات حاصل کی جائیں پی سی پی پی نے ان افراد کوخدمات کامعاوضہ ادا کیا۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ پنجاب کے صوبائی الیکشن کمشنرمحبوب انور نے اپنے اوپرلگائے گئے الزامات کے جواب میں تفصیلی بیان الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمع کرایا ہے انہوں نے خود پرعمران خان کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیاہے اور کہاہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اوربغیر کسی ثبوت کے ہیں ۔محبوب انور کے مطابق انہوں نے کسی پرائیویٹ پرنٹنگ پریس سے ایک بیلٹ پیپربھی نہیں چھپوایا۔

متعلقہ عنوان :