Live Updates

”رخ روشن کا روشن ایک بھی پہلو نہیں نکلا …… جسے ہم چاند سمجھے تھے وہ سورج بھی نہیں نکلا“سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں کے پیغامات کی بھرمار

پیر 18 اگست 2014 22:10

”رخ روشن کا روشن ایک بھی پہلو نہیں نکلا …… جسے ہم چاند سمجھے تھے وہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو فیس بک اور ایس ایم ایس کے ذریعے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں ان کارکنوں نے اپنی قیادت سے کھل کر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کارکنوں میں زیادہ تعداد کے پی کے کی تحریک انصاف سے تعلق رکھتی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ٹیکنوکریٹ حکومت کے بعد سول نافرمانی کی کال دے کر اپنی پارٹی کی تباہی کو خود دعوت دی ہے۔

ان کارکنوں کی اکثریت نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد کے جلسے کے دوران عمران خان کے رویے سے پہلے ہی مایوس تھے کہ انہوں نے انتہائی سیاسی عدم بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سول نافرمانی کی کال دے دی ہے جس پر پورے ملک کے عوام بھڑک اٹھے ہیں اور ہمیں برا بھلا کہہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک کارکن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ”ہمارے مخالفین میسجنگ بند کر دیں۔

تحریک انصاف کی بربادی کے لئے عمران خان ہی کافی ہیں۔“ صوبہ کے پی کے کے ایک اور کارکن نے لکھا ہے کہ ”ہم طوفان بادوباراں کی زد پر ہیں اور ہمارا وزیراعلیٰ پرویزخٹک اسلام آباد میں چینلز کے سامنے رقص کر رہا ہے۔“ ایک اور میسنجر نے اس پر ”رقص ابلیس“ کی پھبتی کسی ہے۔ اکوڑہ خٹک سے میٹرک کے ایک طالب علم نے لکھا ہے ”کیاشہبازشریف صرف دو سال کے لئے ہمارے وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے؟“ پشاور سے اے این پی کے ایک حامی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کے بارے میں تحریک انصاف کے بیان سے صوبے کے عوام کا کوئی تعلق نہیں۔

موصول ہونے والے پیغامات میں پی ٹی آئی کے ایک حامی نے لکھا کہ عمران خان سے ہماری تمام توقعات غارت ہو گئی ہیں اور ہم زبان حال سے یہ شعر پڑھ رہے ہیں۔
رخ روشن کا روشن ایک پہلو بھی نہیں نکلا
جسے ہم چاند سمجھے تھے وہ سورج بھی نہیں نکلا
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان پیغامات کا فرداً فرداً جواب دیں اور صوبہ کے پی کے کے عوام کو یقین دلائیں کہ گزشتہ زلزلے اور سیلاب کی طرح صوبہ پنجاب کے عوام اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کے حوالے سے موصول ہونے والے ایک پیغام کے جواب میں کہاہے کہ اگر میرا کوئی وزیر کے پی کے یا کسی دوسرے صوبے کے بارے میں ایسی بات کرتا تو میں اس کا منہ بند کردیتا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :