خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتے، سراج الحق

پیر 18 اگست 2014 21:13

خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتے، سراج الحق

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تحریک انصاف کے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے فیصلے پر اپنی جماعت کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں جب کہ خیبرپختونخوا اسمبلی عوام کی امانت ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم اسمبلیوں کو توڑنے میں حصہ دار نہیں بنیں گے، تحریک انصاف اسمبلیوں سے استعفے پر نظر ثانی کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا مسئلہ پنجاب میں ہے خیبرپختونخوا میں نہیں تو پھر صوبے کےعوام کا کیا قصور کہ انہیں اس کی سزا دی جائے، جماعت اسلامی اسمبلی توڑنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتی۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کوئی رکن اسمبلی سے مستعفی ہونا چاہتا ہے تو اسے روکا نہیں جاسکتا تاہم تحریک انصاف سے رابطہ کیا ہے کہ ایسا راستہ نکالا جائے جس سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہ ہو۔