Live Updates

تحریک انصاف کا آزادی مارچ عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا

جمعہ 15 اگست 2014 23:28

تحریک انصاف کا آزادی مارچ عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اگست۔2014ء) یوم آزادی کے دن لاہور سے چلنے والا تحریک انصاف کا آزادی مارچ عمران خان کی قیادت میں دو دن کے طویل سفر کےبعد ہزاروں کارکنان کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گیا۔تحریک انصاف کا آزادی مارچ 14 اگست کے دن لاہور کے زمان پارک سے عمران خان کی قیادت میں روانہ ہوا جو پورا دن لاہور میں ہی موجود رہا، لاہور میں مارچ سست روی کا شکار ہوگیا جبکہ یوم آزادی کے روز مارچ کے باعث لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک بھی جام ہوگیا، شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کے لیے بھی سڑکوں پر موجود تھی جس کے باعث آزادی چوک کے قریب کئی شاہراہیں بری طرح جام ہوگئیں۔

مارچ کے شرکا کی بڑی تعداد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار تھی جو پارٹی پرچم تھامے ترانوں پر رقص کررہی تھی جبکہ پارٹی چیرمین عمران خان دیگر قائدین کے ہمراہ آزادی مارچ کے ایک مخصوص ٹرک پر موجود تھے جو دیگر سہولیات سے آراستہ تھا۔

(جاری ہے)

آزادی مارچ کے شرکا رات گئے تک آزادی چوک پر ہی موجود رہے جس کے بعد قافلہ صبح چار بجے کے قریب لاہور شہر سے نکل کر کامونگی سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پہنچا جہاں قافلہ اپنے جوش وخروش سے آگے بڑھ رہا تھا کہ اس دوران تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میں تصادم ہوگیا جس میں تحریک انصاف کے مارچ پر پتھراؤ کیا گیا جس کے نتیجے میں کئی کارکن بھی زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا جس کے بعد عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکا کو تیزی سے آگے بڑھنے کی ہدایت کی اور آزادی مارچ کے شرکا پارٹی قائد کی ہدایت پر تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے وزیرآباد، گجرات، کھاریاں، جہلم، دینہ، گوجر خان، مندرا اورسوہاوا سے ہوتے ہوئے ٹول پلازہ انٹرچینج کے ذریعے اسلام آباد میں داخل ہوئے جہاں تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد نے مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔

آزادی مارچ کے اسلام آباد سفر کے دوران عمران خان نے مختلف مقامات پر کارکنان سے بھی خطاب کیا جس میں ان کاکہنا تھا کہ ہم پرامن ہیں لیکن نواز شریف گلوبٹ اسٹائل چھوڑ دیں، اسلام آباد پہنچ کر سب سے نمٹ لیں گے وزیراعظم اپنا استعفیٰ تیار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران فرعون بنے ہوئے ہیں، اگر مجھے کچھ ہوجاتا تو کارکنان کو کیسے روکتا تاہم کارکن اب بھی پرامن ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ا پنے مطالبات مانیں بغیر اسلام آباد سے نہیں جائیں گے اور وہیں پر بیٹھے رہیں گے۔آزادی مارچ کے لیے وفاقی حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کو آبپارہ میں جلسے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے لیے جگہ بھی مختص کردی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے مارچ کے شرکا کو ریڈ زون میں داخل نہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مارچ کی سکیورٹی کیلئے پولیس،رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری کو اسلام آباد میں تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

ادھر اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے جلسے کے مقام پر اسپورٹس کمپلیکس کے قریب کیچڑ جمع ہوگئی جس کےباعث کارکنان کی بڑی تعداد نے گرین بیلٹس پر پڑاؤ ڈال لیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات