قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کے مقدربدلنے کا وقت قریب آگیا ہے، طاہرالقادری

جمعہ 15 اگست 2014 17:55

قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کے مقدربدلنے کا وقت قریب آگیا ہے، ..

جہلم(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اگست 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ انقلاب مارچ عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر بن چکا ہے اور اس میں شامل عوام اپنی قوت سے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔ انقلاب مارچ کے جہلم پہنچنے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت کے حکم پر ماڈل ٹاؤن کا اذیت ناک محاصرہ کیا گیا تھا جس کے باعث کارکنان وہاں قید تھے اور اس ریاستی ظلم و جبر کے اذیت ناک رویے کے باعث کارکنان نے انتہائی پریشانی،بھوک پیاس اور بنیادی ضرورتوں سے محروم رہ کر دن گزارے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کا انقلاب مارچ جس عظیم الشان سے نکلا ہے اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور اب یہ مارچ نہ صرف عوامی تحریک کا ہے بلکہ یہ پاکستان کے کروڑوں عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب مارچ اپنی پوری قوت کے ساتھ پرامن طریقے سے رواں دواں ہے اور جو ریاستی عناصر اس تحریک پر تشدد اور دہشت گردی کا الزام لگا کر اس کی پر امن تاریخ کو مسخ کرنا چاہتے تھے وہ شرمسار ہوگئے ہیں کیونکہ ہم نے ثابت کردیا ہے کہ اس تحریک سے بڑھ کر پاکستان میں کوئی پر امن مظاہرہ نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکنان نے 10 دن قیدو بند کی صعوبتیں کاٹیں لیکن اس کے باوجود وہ پر امن رہے اور مارچ کے دوران تشدد کا معمولی واقعہ بھی رونما نہیں ہوا جس کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اتنے پر امن مظاہرے کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ مخصوص جماعت یا کارکنوں کے لئے نہیں بلکہ ان ترسے ہوئے کروڑوں عوام کے لیے ہے جو عدل وانصاف،روٹی،کپڑا اور مکان سمیت بنیادی ضرورتیں سے بھی محروم رہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ان کے مقدربدلنے کا وقت قریب آگیا ہے،اب ظلم کی تاریک رات ختم ہونے میں چند دن رہ گئے ہیں، عوام اپنی امن کی قوت کے ساتھ حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان کی کا خواب اب شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے اور وہ وقت قریب ہے کہ جن لوگوں کی امیدوں کے چراغ بجھ گئے تھے وہ پھر سے جل جائیں گے، انقلاب کے ذریعے ملک میں وہ حقیقی، عوامی جمہوریت آئے گی جس کا وعدہ قائد اعظم نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا اور سرکاری ادارے شفاف وغیر سیاسی ہوں گے۔ ثالثی سے متعلق سوال پر طاہرالقاری کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سمیت کسی کا ثالثی میں کوئی کردار نہیں اورنہ ہی حکومت سے ایسا کوئی خفیہ معاہدے طے پایا ہے جسے منظر عام پر نہ لایا جاسکے۔