کوئٹہ، سمنگلی ائیربیس پر دہشت گردوں کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ، ایک حملہ آور ہلاک

جمعرات 14 اگست 2014 23:46

کوئٹہ، سمنگلی ائیربیس پر دہشت گردوں کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ، ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) سمنگلی ائیربیس اور کوئٹہ ائیرپورٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اور سمنگلی ائیربیس میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور مزاحمت کی جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ائیرپورٹ اور سمنگلی ائیربیس کے اطراف میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکے ہوئے جس کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جو ابھی تک جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے ائیرپورٹ جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے اور فضائی حدود میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر محو پرواز ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے سمنگلی ائیربیس میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزاحمت پر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ 2سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

عسکری ذرائع نے حملے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ نامعلوم سمت سے 2 راکٹ بھی فائر کئے گئے جو سمنگلی ائیربیس کے قریب خالی میدان میں گرے۔ حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے دستی بموں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے بھی خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔