وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں تحریک انصاف کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا

جمعرات 14 اگست 2014 23:07

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں تحریک انصاف کا قافلہ اسلام آباد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں تحریک انصاف کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا جہاں ان کے ہمراہ ہزاروں کی تعداد میں کارکن موجود ہیں۔نجی ٹی وی کےمطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سخت سکیورٹی میں خیبرپختونخوا سے اسلام آباد پہنچے جہاں ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے، تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ اسلام آباد کے ٹول پلازہ پہنچے تو انہیں سڑک بند ملی جس پر کنٹینرز کھڑے کئے گئے تھے، وزیراعلیٰ کی جانب سے کنٹینر ہٹانے کے لیے آئی جی اسلام آباد سے رابطہ کیا گیا جس پر آئی جی نے انہیں کنٹینر ہٹانے کی یقین دہانی کرائی، اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کنٹینر نہ ہٹانے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنان کو کنٹینر ہٹانے کا حکم دیا جس کے بعد کارکنان نے سڑک پر لگے کنٹینروں کو ہٹا کر راستہ کھول دیا۔

(جاری ہے)

اس سے موقع پر نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) نے دھاندلی کے ذریعے حکومت بنائی جس کے خلاف سارا پاکستان نکل آیا ہے اور اب ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ دھاندلی کی حکومت نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات منوا کر ہی اسلام آباد سے اٹھیں گے اور حکمرانوں کا تختہ الٹ کر ہی واپس آئیں گے۔