Live Updates

عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا آزادی مارچ، طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب مارچ اسلام آباد کیلئے روانہ

جمعرات 14 اگست 2014 17:54

عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا آزادی مارچ، طاہر القادری کی قیادت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا آزادی مارچ، طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب مارچ اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گیا ہےتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں اسلام آباد روانگی کے لئے زمان پارک سے آزادی مارچ شروع ہوگیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق تمام تر پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنوں کا آزادی مارچ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔

آزادی مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ مارچ کے شرکا کو جانے کے لئے انتظامیہ نے راستے کھول دیئے گئے جب کہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو بھی ایک جانب کردیا گیا۔مارچ کی سربراہی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی مارچ میں شریک تحریک انصاف کے رہنما ایک ٹرک پر موجود ہیں جب کہ عمران خان کے لئے خصوصی کنٹینر بنایا گیا ہے جو ان کی تمام ضروریات کے مطابق سہولیات سے مزین ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا جب کہ راستے سے مارچ میں مختلف شہروں سے آنے والے قافلے بھی شامل ہوں گے، اس دوران عمران خان کچھ مقامات پر خطاب بھی کریں گے۔ادھر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ انقلاب کے ذریعے پاکستان کو مغربی ممالک کی طرح پر امن اور جمہوری ملک بنائیں گےلاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں انقلاب کے لئے اسلام آباد روانگی سے قبل طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انقلاب اللہ کے فضل سے ملک میں صحیح شراکتی جمہوریت کی بحالی لے کر آئے گا، ہمارا انقلاب 10 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہو گا اور مارچ کے ذریعے ملک کو آئینی، قانونی اور جمہوری حق دلائیں گے۔

طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب مکمل طور پر پر امن اور جمہوری ہوگا جس کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نجات دلائیں گے، بے گھر افراد کو گھر فراہم کئے جائیں گے، عوام کو کھانے پینے کی اشیاء آدھی قیمت پر فراہم کی جائیں گی، ہر فرد کو روز گار فراہم کیا جائے گا، بچوں کے لئے مفت تعلیم ضروری ہوگی، عوام کو گھر کی دہلیز پر انصاف مہیا کیاجائے گا، انتخابی اصلاحات کی جائیں گی، کسانوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے، امیر اور غریب میں فرق ختم کرکے تمام افراد کو برابری کی سطح پر حقوق فراہم کئے جائیں گے، ہر سطح پر احتساب ہو گا اور کرپشن کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

طاہرالقادری نے کہا کہ کسی کو بھی مارشل لاء کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا، نئے صوبے بنائے جائیں گے، گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دے کر آئینی حقوق فراہم کئے جائیں گے، مرکز کے اختیارات کم کر کے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر اختیارات کی تقسیم ہو گی۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، کسی کو بھی اقلیتیوں پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے، اقلیتوں کو بھی دوسرے شہریوں کی طرح حقوق دلوائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جیسی جمہوریت امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک میں ہے پاکستان کو بھی اسی طرز کا جمہوری ملک بنائیں گے۔ قائد اعظم کے افکار کے مطابق ملک سے مُلا ازم کا خاتمہ کریں گے، خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں برابری کی سطح پر حقوق دیئے جائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات