اسلام آباد پولیس کسی قسم کی سیاسی مداخلت سے بالاتر ہے،چوہدری نثار

بدھ 13 اگست 2014 00:09

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قانون کے محافظوں کیخلاف فتوے انتہائی غیر مناسب، غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی ہیں، پاکستان کو صومالیہ ، لیبیا یا عراق نہیں بننے دیں گے، گر آج کسی پر تشدد ہجوم کو دھاوا بولنے کی اجازت دے دی گئی تو پھر ہر چند مہینے بعد کوئی اور پرتشدد گرہ یا ہجوم ریاست کی عمل داری کو چیلنج کرسکتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ،اسلام آباد پولیس محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے،خواہش ہے کہ اسلام آبا دپولیس کو پاکستان کی بہترین پولیس بنایا جائے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب اسلام آباد میں پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں اسلام آباد پولیس کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آبا دپولیس کو وسائل کے لحاظ سے ابھی اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔آج اسلام آباد پولیس کسی قسم کی سیاسی مداخلت سے بالاتر ہے اور پولیس سے سفارش کا کلچر ختم کرتے ہوئے اس کو میرٹ پر فیصلے لینے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

وزیر داخلہ نے پولیس کی دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست پاکستان کے ملازم ہیں اور ہماری اقدار اور جمہوری نظام کے دفاع کے لیے کمر بستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ چند عناصر آج یہ کہہ رہے ہیں کہ اگرکوئی پولیس والا روکے تو اس کا ہاتھ توڑ دو۔قانون کے محافظوں کیخلاف اس قسم کے فتوے انتہائی غیر مناسب، غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی ہیں،وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ پاکستان کو عراق‘صومالیہ یالیبیا بننے کی اجازت ہر گز نہیں دے سکتے۔

اگر آج کسی پر تشدد ہجوم کو دھاوا بولنے کی اجازت دے دی گئی تو پھر ہر چند مہینے بعد کوئی اور پرتشدد گرہ یا ہجوم ریاست کی عمل داری کو چیلنج کرسکتا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے پولیس سے کہا کہ وہ تشدد کا ہاتھ روکیں اور پاکستان کے آئین و قانون کا تحفظ کریں۔اس سے پہلے آئی جی اسلام آبادنے استقبالیہ کلمات میں وزیر داخلہ کی اسلام آباد پولیس کو بہترین سہولیات دینے کی کوششوں پر ان کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ اسلام آباد پولیس امن وامان کے قیام کے لیے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔