وزیر داخلہ لانگ مارچ کے حوالے سے آج پولیس کو اہم ہدایات دینگے

بدھ 13 اگست 2014 11:46

وزیر داخلہ لانگ مارچ کے حوالے سے آج پولیس کو اہم ہدایات دینگے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار آج رات اسلام آباد پولیس لائن ہیڈکوارٹر کا دورہ اور پولیس نفری سے خطاب کرینگے ، چوہدری نثار کا کہنا ہے پرتشدد ہجوم کو دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ورنہ ہرچند ماہ بعد ایسا ہی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار آج رات پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر رہے ہیں ۔

اس موقع پر وزیر داخلہ اسلام آباد پولیس اور دیگر شہروں سے آنے والی نفری کو سیکورٹی سے متعلق اہم ہدایات جاری کریں گے اور سیکورٹی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے خطاب بھی کریں گے ۔ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے وزارت داخلہ میں اہم اجلاس بھی ہوا ہے ۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ جڑواں شہروں کی انتظامیہ میں باہمی تعاون ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

عوام کے جان و مال کی خصوصی حفاظت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے لیے 21 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں ۔ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جائے جبکہ چودہ اگست کو ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس حکومت کی نہیں بلکہ اسلامی اقدار اور جمہوری نظام کے تحفظ کیلئے کمربستہ ہے ۔

پولیس والوں کے ہاتھ توڑنے اور اپنے لوگوں کو شہید کرنیوالوں کو کھلا نہیں چھوڑ سکتے ۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آئین کے دائرے میں کسی بھی سیاسی سرگرمی کا احترام کرتے ہیں تاہم پرتشدد ہجوم کو دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ورنہ ہر چند ماہ بعد ایسا ہی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صومالیہ ، عراق یا لیبیا نہیں بننے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :