تحریک انصاف کا عوامی تحریک کو خوش آمدید

اتوار 10 اگست 2014 23:27

تحریک انصاف کا عوامی تحریک کو خوش آمدید

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ 14اگست کو حکومت مخالف مارچ میں ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے حامیوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر عمران اسماعیل نے نجی ٹی وی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ جو بھی جماعت مارچ میں شامل ہو گی اس کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کا اتوار کو انقلاب مارچ کا یوم آزادی کے دن کرنے کا اعلان تحریک انصاف کے ساتھ پہلے سے "طے شدہ" نہیں تھا۔تحریک انصاف کے رہنما سے جب پوچھا گیا کہ پی ٹی آئی کے مارچ میں پی اے ٹی کے جذباتی کارکنان کی شمولیت سے ان کا احتجاج پر تشدد ہونے کا خطرہ تو نہیں ہے؟ تو ان کا جواب تھا کہ ہم پر امن لوگ ہیں ہم تشدد نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتوں کا ایجنڈا اور موقف مختلف ہے مگر ہم نے مختلف جماعتوں کو مدعو کیا ہے اور جو ہمارے احتجاج میں شامل ہوگا اس کو خوش آمدید کہا جائے گا۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی جانب سے ناروا سلوک کے بعد پاکستان عوامی تحریک کی مارچ میں شرکت سمجھ سے بالا تر نہیں ہے اور ہم اس کی مارچ میں شرکت کو خوش آمدید کہتے ہیں۔