مارچ اور انقلاب کے دعویداروں کو عوام کے مسائل سے کوئی د لچسپی نہیں،شہباز شریف،یوم آزادی کو احتجاج کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کسی بھی اعتبار سے دانشمندانہ نہیں،پاکستان کسی لانگ مارچ کے نتیجہ میں نہیں بنا،پاکستان کو اس وقت صرف ترقی ، خوشحالی ،دہشت گردی کے سد باب اور اندھیروں کے خلاف جدوجہد کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے، ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ تھا ،ہے اوررہے گا:وزیر اعلی کی مسلم لیگ ن کے عہدیداروں اوراراکین اسمبلی سے گفتگو

اتوار 10 اگست 2014 22:28

مارچ اور انقلاب کے دعویداروں کو عوام کے مسائل سے کوئی د لچسپی نہیں،شہباز ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 14اگست تجدید عہد کے ساتھ صدیوں کی آرزؤں اور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔یوم آزادی کو احتجاج کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کسی بھی اعتبار سے دانشمندانہ نہیں۔پاکستان کسی لانگ مارچ کے نتیجہ میں نہیں بنا،اس کے لئے بزرگوں نے محنت کی تھی اور قربانیاں دی تھیں۔

پاکستا ن کے عوا م ایسے ہر مارچ کو نا کام بنا دیں گے جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو ترقی کے سفر سے روکنا ہو۔ عمران خان ہزاروں بے گناہ اورمعصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں اور پاکستان کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے عناصر سے تو بات چیت کے حامی رہے ہیں لیکن عوام کی منتخب حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کے لئے تیار نہیں ہیں،یہ ان کے قول وفعل کا بہت بڑا تضاد ہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران اوراراکین اسمبلی کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان کو اس وقت صرف ایک لانگ مارچ کی ضرورت ہے اوروہ لانگ مارچ ہے ترقی کا ‘ عوام کی خوشحالی کا‘ دہشت گردی کے سد باب کا اور اندھیروں کے خلاف جدوجہد کا-پاکستان کے باشعور اورمحب وطن 18کروڑ عوام ایسے ہر مارچ کو ناکام بنا دیں گے جس سے ان کی خوشحالی کا خواب چکنا چور ہوتا ہو- انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فون پر انتخابات جیتنے پر مجھے مبارکباد دی اور اب دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں-عمران خان خود کو سیاستدان تو کیا اچھا سپورٹس مین بھی ثابت نہیں کرسکے۔

2013ء کے عام انتخابات کو بین الاقوامی مبصرین نے بھی پاکستان کی سیاسی تاریخ کے شفاف ترین اور غیر جانبدارانہ انتخابات قرار دیا-انہوں نے کہا کہپاکستان کے آئین میں حکومت کی تبدیلی کا ایک ہی طریقہ ہے وہ ہے انتخابات کے ذریعے اقتدار کی تبدیلی - مڈ ٹرم الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا -حقیقت یہ ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت خیبر پختونخواہ حکومت کی خراب ترین کارکردگی کو احتجا ج کی آڑمیں چھپا چاہتی ہے- انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے۔

مارچ اورنام نہاد انقلاب کے دعویداروں کو عوام کے مسائل سے کوئی د لچسپی نہیں۔ انتشار پھیلانے کی سازش کرنے والوں کی گود میں وہ عناصر بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے دورآمریت میں پنجاب کو سب زیادہ کرپٹ صوبہ بنا دیاتھا۔غیر سیاسی عناصر خود خوف میں مبتلا ہیں۔ہمارا ماضی اورحال گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ تھا ،ہے اوررہے گا- عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے آئین اور قانو ن کے دائرے میں رہتے ہوئے ہرا قدام ا ٹھایا جائے گا،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے ۔

ہماری بہادر افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہے ۔موجودہ جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے ۔وقت کا تقاضہ ہے کہ تمام پاکستانی اپنی بہادر افواج کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہو ں۔