وزیر اعظم نے وزارت تجارت کو 2018تک ملکی برآمدات پچاس ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ٹاسک دیدیا ، رواں مالی سال 2014-15کے دوران برآمدات موجودہ 25ارب ڈالرز سے بڑھا کر 30ارب ڈالرز کرنے کا ہدف

اتوار 10 اگست 2014 22:04

وزیر اعظم نے وزارت تجارت کو 2018تک ملکی برآمدات پچاس ارب ڈالرز تک بڑھانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے وزارت تجارت کو 2018تک ملکی برآمدات پچاس ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ٹاسک دیدیا اور رواں مالی سال 2014-15کے دوران برآمدات موجودہ 25ارب ڈالرز سے بڑھا کر 30ارب ڈالرز کرنے کا ہدف دیا گیا ہے ۔وزارت تجارت کے ایک سنیئر آفیسر نے آن لائن کو بتایا کہ وزیر اعظم نے وزارت تجارت کو آئندہ چار سال میں ملکی برآمدات کو پچاس ارب ڈالرز تک بڑھانے کا ٹاسک دیا ہے جس کے تحت وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے حکومتی اور نجی شعبے سے استفادہ کرنے کیلئے مشاورتی عمل شروع کردیاجبکہ وفاقی سیکرٹری تجارت شہزاد ارباب کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں وزارت کے دونوں ایڈ یشنل سیکرٹریز اور وزارت کے تمام جوائنٹ سیکرٹریز شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ برآمدات بڑھانے کے حوالے سے حکومتی اداروں اور نجی شعبے کی جانب سے دی جانے والی سفارشات کی روشنی میں وزیر اعظم کو ایک جامع رپورٹ پیش کی جائیگی ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال 2013-14کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 25ارب 13کروڑ ڈالرز رہا جس میں رواں مالی سال کے دوران بیس فیصد اضافہ کرنے کا ہدف دیا گیا ہے اور اس ہدف کے حصول کیلئے موثر او ر عملی اقدامات اٹھاے جارہے ہیں ۔

ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے جی ایس پی پلس سے بھر پور استفاد ہ کیا جائے گا کیوں کہ اس سال جنوری سے جون کے دوران جی ایس پی پلس کے باعث برآمدات میں 70کروڑ ڈالرز کاا ضافہ ہوا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام سے بھی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈیپ ) کو بھی مزیدمتحرک کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :