خیبر پختونخواحکومت نے آئی ڈی پیز کو نقدامدادی کی ادائیگی کے لئے 57 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کردئیے

اتوار 10 اگست 2014 21:22

خیبر پختونخواحکومت نے آئی ڈی پیز کو نقدامدادی کی ادائیگی کے لئے 57 کروڑ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) خیبر پختونخواحکومت نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز کو نقدامدادی کی ادائیگی کرنے کے لئے 57 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کردئیے گئے ہیں جو شمالی وزیر ستان سے بے گھر ہونے والے 53119 خاندانوں میں تقسیم کی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھاری کی اعداد و شمار کے مطابق پی ڈی ایم اے نے چار مرحلوں میں بذریعہ چیک 57 کروڑ50 لاکھ روپے جاری کردئیے ہیں ۔

اعداد و شمار کے مطابق سات جولائی کو 20 کروڑ روپے جاری کئے گئے اسی طرح چودہ جولائی کو 9 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کئے گئے ۔23 جولائی کو پھر 20 کروڑ روپے جاری کردئیے گئے جبکہ سات اگست کو 7 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کئے گئے ۔ پی ڈی ایم اے کے مراسلہ کے مطابق مذکورہ رقم 53119 خاندانوں میں تقسیم ہونگے جس میں فی خاندان کو 8 ہزار روپے ملیں گے جن میں سے 5 ہزار روپے رمضان پیکج جبکہ 3 ہزار روپے گھر کے کرایے کے مد میں دئیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں جن بے دخل ہونے والے خاندانوں کو صوبے کے مختلف حصوں میں رقوم ملے ہیں پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق حولیاں میں اب تک 10 خاندانوں نے ، مینگورہ میں 111 ، شکر درہ میں 14 ، پشاور میں 5533 ، خوازہ خیلہ میں 11 ، مٹہ میں 3 ، کرک میں 1056 ، اسلام آباد میں 5 ، بنوں میں 23488 ، ایبٹ آباد میں 507 ، ڈی آئی خان میں 2364 ، ہنگو میں 488 ، شبقدر میں 565 ، سوات میں 37 ، کالام میں 4 ، مانسہرہ میں 55 ، سرائے نورنگ میں 292 ، چارسدہ میں 1616 ، روالپنڈی میں 8 ، لکی مروت میں 3409 خاندانوں نے اپنے رقوم بنک سے حاصل کرلئے ہیں جبکہ 460 خاندانوں نے اپنی رقوم اے ٹی ایم مشین کے ذریعے نکالے ہیں ۔