وفا ق کا خیبر پختونخوا کو آفت زدہ قرار دینے تجویز پر غور ، بجلی کے خالص منافع کی رقم کی ادائیگی آئندہ مہینے سے شروع کردی جائیگی،گیس ا ستعمال کرنے کے حوالے سے تجویز پر وزارت پیٹرولیم سے رپورٹ طلب

اتوار 10 اگست 2014 20:50

وفا ق کا خیبر پختونخوا کو آفت زدہ قرار دینے تجویز پر غور ، بجلی کے خالص ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) وفاق کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کو گیارہ مطالبات کے خط پر جواب ارسال کر دیا ہے ۔جس میں کہا گیاہے کہ خیبر پختونخوا کو آفت زدہ قرار دینے تجویز پر غور کیاجا رہاہے بجلی کے خالص منافع کی رقم کی ادائیگی آئندہ مہینے سے شروع کردی جائیگی ۔ صوبے کو بجلی کے مقررہ کردہ کوٹے میں مزیداضافہ کیا جارہا ہے تاہم بجلی چوری کی روک تھام کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہو گی گیس کے ا ستعمال کرنے کے حوالے سے تجویز پر وزارت پیٹرولیم سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔

شمالی وزیرستان کے متاثرین کی فلاح و بہبود کے لئے وفاقی حکومت معاونت کر رہی ہے افسران کی کمی دور کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے ۔ جبکہ بجلی منافع کی مد میں 134ارب روپے کی ادائیگی کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

فرنٹیئر کانسٹیبلری میں تین ہزار نئی بھرتیوں کی منظوری دی گئی ہے جسے صوبے کے لئے مختص کیا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو گیارہ مطالبات پر مبنی خط چند روز قبل ارسال کیاتھا ۔ جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ دہشت گردی کے باعث خیبر پختونخوا بری طور پر متاثر ہے لہذا اسے آفت زدہ قرار دیا جائے ۔ وفاقی حکومت کے ذمے بجلی کے خالص منافع کے چھ ارب روپے کے ادا کئے جائیں ۔ این ایچ پی کی مدمیں 49.134ارب روپے جو کہ وفاق کے ذمے ہیں صوبے کو دیئے جائیں ۔

پیسکو کے تمام اختیارات صوبائی حکومت کے حوالے کئے جائیں ۔ واپڈا کی جانب سے 1300میگا واٹ کے بجائے وعدے کے مطابق دو ہزار میگا واٹ فراہم کئے جائیں جبکہ پانچ سو میگا واٹ کی پیدوار کے لئے صوبے کو سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کرنے کا حق دیاجائے ۔ وفاق کے قابل تقسیم محاصل صوبے کے حصے کے واجبات کی بروقت ادائیگی کی جائے ۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نفری کو واپس خیبرپختونخوا بلایا جائے ۔ جبکہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے دیکھ بھال کے لئے معاونت کی جائے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے خط کے جواب میں وزیر اعظم کے جانب سے گیارہ مطالبات کے جوابات دیدیئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :