کسی بھی وقت شہید کردیا جاؤں گا لیکن شہادت سے ڈرنے والا نہیں، ڈاکٹرطاہر القادری

اتوار 10 اگست 2014 20:07

کسی بھی وقت شہید کردیا جاؤں گا لیکن شہادت سے ڈرنے والا نہیں، ڈاکٹرطاہر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کسی بھی حربے سے ڈرایا یا جھکایا نہیں جاسکتا، اطلاعات ہیں کہ مجھے کسی بھی وقت شہید کردیا جائے گا لیکن حکمرانوں کو بتادینا چاہتا ہوں کہ شہادت سے ڈرنے والا نہیں۔لاہور میں یوم شہدا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ظلم کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے، انقلاب کی فتح یا اپنی شہادت تک ظلم کے خلاف جنگ لڑتا رہوں گا، پاکستان کے مظلوم عوام کے حقوق کے لئے شہادت کو ترجیح دوں گا، پنجاب اور وفاقی حکومت پاکستان میں اسرائیل کا کردار ادا کر رہی ہے، ماڈل ٹاؤن کو غزہ بنا دیا گیا ہے جہاں مکینوں کو 7 روز سے کھانے پینے کے لئے کچھ دستیاب نہیں اور اگر ماڈل ٹاؤن کے باہر کوئی شخص ضروری اشیا لینے جاتا ہے تو اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنان کے لئے کھانا بھجوایا جسے ماڈل ٹاؤن کے باہر ہی روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ یوم شہدا کی تقریب کے لئے حکومت کی جانب سے ٹینٹ اور کرسیاں لانے تک کی اجازت نہیں دی گئی، اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے والوں کو تصادم کے لئے اکسانے کی کوشش کی گئی لیکن آخری حد تک اپنے انقلاب کو پرامن رکھیں گے،ہم سرکاری تشدد کی مذمت کرتے ہیں، سرکاری بربریت کے باوجود پرامن رہیں گے کیوں کہ ہم جمہوریت اور امن پر یقین رکھتے ہیں اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے خلاف لڑتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مجھ پر ٹیکس چوری کا الزام لگایا گیا لیکن بتادینا چاہتا ہوں کہ 1985 سے 2013 تک ایک سال بھی ٹیکس کی ادائیگی کا ناغہ نہیں کیا جبکہ حکومت مجھے ٹیکس چور ثابت کرنے کے لئے غیر ملکی بینکوں سے ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے، حکومت چاہے کچھ بھی کر لے مظلوم اور غریب پاکستانی عوام کے حقوق کے لئے جنگ لڑتا رہوں گا۔تقریب میں تحریک انصاف ، مسلم لیگ(ق)، متحدہ قومی موومنٹ ، عوامی مسلم لیگ، سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلمین کے علاوہ دیگر جماعتوں کے رہنما شریک ہیں۔

متعلقہ عنوان :