آزادی مارچ،اسلام آباد پولیس نے تعاون کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار آزاد کشمیر سے منگوالئے،حکومت اور اپوزیشن کی محاذ آرائی سے دہشت گرد فائدہ اٹھا سکتے ہیں، خفیہ اداروں کی رپورٹس کے بعد حفاظتی انتظامات کر دیئے گئے

اتوار 10 اگست 2014 19:49

آزادی مارچ،اسلام آباد پولیس نے تعاون کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اگست۔2014ء) اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے خلاف معاونت کے لئے ایک ہزار سے زائد آزاد کشمیر کے پولیس اہلکاروں کی خدمات حاصل کر لی ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کے تمام گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے تا کہ یہاں آنے جانے والوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔پولیس ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر سے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جنہیں ایک حساس علاقے میں واقع گرلز سکول میں ٹھہرایا گیا ہے اور ان کی تمام تر تواضع کے اخراجات اسلام آباد اور پنجاب پولیس کو برداشت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پولیس سے متعلقہ پولیس افسران کے درمیان پہلے معاملات طے پا چکے ہیں۔دوسری جانب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وفاقی دارالحکومت کے ہاسٹلوں اور ہوٹلوں کی بھی سخت نگرانی شروع کر دی ہے اور ہوٹل انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ یہاں آ کر ٹھہرنے والے مسافر وں کے بارے میں پولیس کو خود معلومات فراہم کرتے رہیں تا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو قبل از وقت روکا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سرکاری اداروں کی اطلاع ملی تھی کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان موجودہ تصادم کی صورت حال میں دہشت گرد فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور وہ یوم آزادی پر کوئی بھی کارروائی کر سکتے ہیں جس پر تمام تر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔