پاكستان اقوام متحدہ كے امن مشن كے علاوہ كہیں بھی فوج نہیں بھجوا رہا، سیکریٹری خارجہ

منگل 5 اگست 2014 00:21

پاكستان اقوام متحدہ كے امن مشن كے علاوہ كہیں بھی فوج نہیں بھجوا رہا، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2014ء) سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاكستان اقوام متحدہ كے امن مشن كے علاوہ كہیں بھی فوج نہیں بھجوا رہا اور اس حوالے سے زیر گردش تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات كرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری نے كہا كہ پاكستان اقوام متحدہ كے امن مشن كے علاوہ كہیں بھی فوج نہیں بھجوا رہا اور اس حوالے سے زیر گردش تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے كہا كہ پاكستان نے ہمیشہ فلسطین كی حمایت اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی جب کہ موجودہ صورتحال میں بھی اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل اور انسانی حقوق كونسل سمیت تمام فورمز پر فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا۔سیکریٹری خارجہ نے كہا كہ افغانستان كو دہشت گردی کے خلاف پاكستان كی كوششوں كی قدر كرنی چاہئے اور الزامات كا سلسلہ بند كرنا چاہئے، پاكستان كی قیادت افغانستان سے مخلص ہے مگر افغانستان سے دہشت گردوں کے ذریعے پاكستان پر حملے كرائے جارہے ہیں جو افسوسناک بات ہے۔

(جاری ہے)

پاک بھارت سیکریٹری خارجہ کے درمیان شیڈول ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم كی ہدایت كی روشنی میں سیكریٹری خارجہ کی سطح پر مذاكرات ہونے جارہے ہیں، ہمیں دیكھنا ہوگا كہ ہم كہاں كھڑے ہیں اس كے بعد اپنے رہنماؤں كو مذاكرات كے حوالے سے مزید سفارشات دیں گے۔بھارت كو نیوكلیئر ممبر بنانے كے حوالے سے اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں كہ جنوبی ایشیا میں سلامتی كے لئے ترجیحی بنیادوں پر كام ہونا چاہئے، سپلائر گروپ كا پاكستان كو بھی ممبر بنانا چاہئے کیونکہ پاكستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ابھی تک اس حوالے سے كوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سول نیوكلیئر كے حوالے سے عالمی سطح پر تعاون ہونا چاہئے کیونکہ یہ ہمارا حق ہے۔

متعلقہ عنوان :