ملکی موجودہ صورتحال، کے ایس ای میں شدید مندی کا رجحان

پیر 4 اگست 2014 22:32

ملکی موجودہ صورتحال، کے ایس ای میں شدید مندی کا رجحان

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اگست 2014ء)نئے ہفتے کے آغاز میں ہی کراچی اسٹاک ایکس چینج میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کی کمی سامنے آئی۔ڈیلرز اور کاروباری افراد کے مطابق ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں کراچی اسٹاک ایکس چینج شدید مندی کا شکار ہے، جہاں ڈیلرز اور کاروباری افراد غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

چودہ اگست پر پی ٹی آئی کے آزادی مارچ اور طاہر القادری کے جانب سے حکومت کے خلاف انقلاب کے اعلان نے بزنس مینز، کاروباری حضرات اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر اسٹیک ہولڈز کو دوہری مشکلات اور ذہنی تناوٴ میں الجھا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دن مقامی مارکیٹ اور بزنس حلقوں کو بڑی حد تک متاثر کرینگے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی اسٹاک ایکس چینج ہنڈیڈ انڈیکس نے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 30،000پوائنٹس کو عبور کرتے ہوئے ملکی معیشت میں نیا باب رقم کیا، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر غیر یقینی صورت حال میں آنے والے دنوں سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔