لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو تیونس کے راستے نکالا جا رہا ہے، دفتر خارجہ

پیر 4 اگست 2014 22:22

لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو تیونس کے راستے نکالا جا رہا ہے، دفتر ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اگست 2014ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو تیونس کے راستے نکالا جا رہا ہے ۔اب تک رجسٹریشن نہ کرانے والے پاکستانی طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کرکے اپنی موجودگی کے مقام سے آگاہ کریں ،تیونس کی سرحد پر پہنچنے والے پاکستانیوں کو ویزا کی سہولت فراہم کردی جائیگی ۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چونکہ لیبیا کا کوئی ایئر پورٹ آپریٹنگ نہیں ہے اس لئے تیونس میں پاکستانی سفارتخانہ تیونس کی سرحد پر پہنچنے والے پاکستانیوں کو تیونس کے ویزے کی فراہمی کیلئے انتظامات کر رہا ہے جہاں سے انہیں پاکستان واپسی کیلئے پروازیں دستیاب ہو سکیں گی ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ اور طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک بار پھر لیبیا میں موجود پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفارتخانے سے رابطہ کر کے اپنی موجودگی کے مقام سے آگاہ کریں اور اگر اب تک رجسٹریشن نہیں کرائی تو خود کو رجسٹرڈکرائیں ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی برادری سے مستقل رابطے میں ہے اب تک پاکستانی برادری سے ہونیوالے رابطوں سے یہ نشاندہی ہوئی ہے کہ تین ہزار چھ ہزار کے درمیان پاکستانیوں کو لیبیا سے نکالا جانا ہے ۔

طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے نے پہلے ہی پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی رجسٹریشن کر لی ہے اور تیونس کے حکام کو انکی آمد پر ویزے کی فراہمی کیلئے انکی دستاویزات بھجوا دیئے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا میں موجود پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ فون نمبر 0021892255216 اور 00218213610937 پر پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :