سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل کی غزہ میں 7 گھنٹوں کے لئے جنگ بندی

پیر 4 اگست 2014 13:06

سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل کی غزہ میں 7 گھنٹوں کے لئے ..

غزہ سٹی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اگست 2014ء) صیہونی فورسز نے غزہ میں 7 گھنٹوں کے لئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے جب کہ گزشتہ 28 روز میں اب تک اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں 1850 فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام نے غزہ میں 7 گھنٹے کے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ میں اقوام متحدہ کے ماتحت چلنے والے اسکول پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے جب کہ گزشتہ روز اسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائی میں مجموعی طور پر 40 شہادتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل کی جانب سے یو این کے اسکول پر حملے کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مزمت کی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بولیویا نے اسرائیل کو غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے اس کے خلاف پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ونیزویلا نے صیہونی درندگی کا شکار یتیم فلسطینی بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیل اور حماس کے درمیان عید الفطر کے موقع پر 72 گھنٹوں کے لئے جنگ بندی ہوئی تھی لیکن صیہونی افواج نے صرف 4 گھنٹوں بعد ہی جنگ بندی کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔

اسرائیلی بمباری میں اب تک 1850 فلسطینی شہید جب کہ 10 ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں اس کے علاوہ اسکولوں، مساجد اور اسپتالوں سمیت سیکڑوں عمارتیں بھی صیہونی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہو چکی ہیں لیکن اس کے باوجود عالمی برادری اسرائیل کے خلاف کارروائی کے بجائے صیہونی افواج کو اس بات کے مواقع فراہم کر رہی ہے کہ وہ معصوم فلسطینیوں کے خلاف اپنی جارحیت برقرار رکھ سکے۔ دوسری جانب حماس کی جوابی کارروائی میں اب تک 66 صیہونی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :