Live Updates

شریف خاندان کی بادشاہت ختم کرنے اسلام آباد جارہے ہیں ،نیا پاکستان بنانے تک وہاں سے نہیں اٹھیں گے ‘ عمران خان،مجھے نظر بند کرنے کی کوشش کی گئی تو پورے پاکستان کو بند کر دینگے ،میں بزنس مین نہیں کہ ڈیل کرلونگا اس لئے کوئی کوئی بھول میں نہ رہے،جعلی مینڈیٹ والی حکومت کا وقت ختم ہو گیا ،صاف ،غیر جانبدار الیکشن کمیشن کے نیچے دوبارہ انتخابات کرائیں گے ، استعفے معمولی بات ہے پارٹی کے اراکین اور کارکن تو اپنی جانیں دینے کے لئے تیار بیٹھے ہیں ‘ پی ٹی آئی کے چیئرمین کا ورکرز کنونشن سے خطاب۔ تفصیلی خبر

اتوار 3 اگست 2014 21:06

شریف خاندان کی بادشاہت ختم کرنے اسلام آباد جارہے ہیں ،نیا پاکستان بنانے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 14اگست کو شریف خاندان کی بادشاہت ختم کرنے اسلام آباد جارہے ہیں اور نیا پاکستان بنانے تک وہاں سے نہیں اٹھیں گے ، حکمرانوں کو متنبہ کر رہا ہوں کہ اگر مجھے نظر بند کرنے کی کوشش کی گئی تو پورے پاکستان کو بند کر دیں گے ،میں بزنس مین نہیں کہ ڈیل کرلوں گا اس لئے کوئی کوئی بھول میں نہ رہے ،جعلی مینڈیٹ والی حکومت کا وقت ختم ہو گیا ہے اور صاف ،غیر جانبدار الیکشن کمیشن کے نیچے دوبارہ انتخابات کرائیں گے ، استعفے تو معمولی بات ہے پارٹی کے اراکین اور کارکن تو اپنی جانیں دینے کے لئے تیار بیٹھے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آزادی مارچ کے سلسلہ میں پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور لاہور کے صدر عبد العلیم خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پارٹی عہدیداروں ،اراکین اسمبلی اور کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔عمران خان نے کہا کہ 14اگست کو حقیقی معنوں میں آزادی کا جشن منائیں گے، لاہور سے ایک لاکھ موٹر سائیکلوں پر نوجوان روانہ ہونگے او راسکے لئے پچاس ہزار موٹر سائیکلیں تیار ہو گئی ہیں۔

ہم اس لئے اسلام آباد جارہے ہیں کیونکہ بد قسمتی سے پاکستان میں ابھی تک اصل جمہوریت نہیں آئی اور بادشاہت کا نظام قائم ہے ۔ ہم شریف خاندان کی بادشاہت کو ختم کرنے کے لئے اسلام آباد جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام حکمرانوں کا احتساب کر سکتے ہیں ، جمہوریت میں میرٹ ہوتا ہے ،جمہوریت میں حکمران عوام کے ٹیکس کا پیسہ اپنے اوپر خرچ نہیں کر سکتا ۔

کیا پاکستان کی عوام نواز شریف کا احتساب کر سکتی ہے ؟۔ نواز شریف کا 33سال کا بیٹا لندن میں 200ارب کی کمپنی کا مالک ہے وہ جس لگژری فلیٹ میں رہتا ہے اسکی مالیت سات ارب روپے ہے ۔ نواز شریف بتائیں انکے پاس اربوں روپے کی جائیدادیں کہاں سے آئیں کیا بیس سال پہلے آپ کے پاس لندن میں جائیدادیں تھیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس اللہ کا دیا ہوا سبب کچھ ہے میں 14اگست کوپاکستان کے مستقبل اور حقیقی جمہوریت کی جنگ لڑنے اسلام آباد جارہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ آج میرٹ کا یہ حال ہے کہ مریم نواز 100ارب روپے کے پروگرام کے فنڈز کو سنبھال کربیٹھی ہے ، شہباز شریف کا صاحبزادہ حمزہ شہباز شہزادوں کی طرح پورے پنجاب میں پھر رہا ہے ۔ خیبر پختوانخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت ہے میں چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی ایک بھی شخص یہ ثابت کر دے کہ میں نے اپنے کسی رشتہ دار کو نوکری دلوائی ہو یا اس کے لئے سفارش کی ہے ، یا میں نے وہاں کی عوام کا ٹیکس کا پیسہ اپنے اوپر خرچ کیا ہو ۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بڑوں کا پیٹ بھرا نہیں اور حکمرانوں کے بچے باریاں لینے کے لئے تیار ہو گئے ہیں ۔ میں بتانا چاہتا ہوں جب تک اس ملک میں حقیقی جمہویت نہیں آئے گی پاکستان میں میرٹ کا نظام آ سکتاہے اور نہ ہی پاکستان حقیقی معنوں میں آگے بڑھ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ، ہم نظریاتی لوگ ہیں اور جب تک نیا پاکستان نہیں بنائیں گے ہم اسلام آباد سے نہیں اٹھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف بتائیں کیا انہوں نے اپنے رائے ونڈ محل کی طرف جانے والی سڑکیں‘ گیس او ربجلی پہنچانے کے لئے اربوں روپے خرچ نہیں کئے ،چالیس کروڑ روپے صرف رائے ونڈ محل کی حفاظت کیلئے سکیورٹی پر ماہانہ خرچ ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا اپنا سارا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے جبکہ باہر کے سرمایہ کاروں کو کہتے ہیں کہ وہ اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں شریف برادران کے 71کیسز پڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ میں پرسوں ایک پریس کانفرنس کروں گا اوربتاؤں گا کہ کتنی دھاندلی ہوئی پھر دس اگست کے قریب پریس کانفرنس کروں گا جس میں بتاؤں گا کیسے دھاندلی اور میچ فکسنگ کی گئی اور اس میں کونسے کونسے کھلاڑی شامل ہیں اور ایسے کھلاڑی کا بھی بتاؤں جو چور مچائے شور کے مصداق سامنے آرہا ہے ۔

انٹر نیشنل میڈیا کے سامنے بتائیں گے یہ حکومت غیر قانونی‘ غیر آئینی اور جعلی مینڈیٹ والی ہے اور اسکی ساری پرفارمنس صرف اشتہاروں تک محدود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب پولیس کو بھی پیغام دیتا ہوں کہ وہ فیصلہ کر لیں کہ وہ شریف خاندان سے خیرات لیتے ہیں یا ریاست کے ملازم ہیں اگر ہمارے کسی کارکن پر تشدد کیا گیا تو انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور اگر کسی نے گولی چلانے کی جرات کی تو پھانسی پرلٹکائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 10لاکھ لوگوں کو لیکر اسلام آباد جائیں گے اور میں خود لاہور سے اسکی قیادت کروں گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کارکن آج سے آزادی مارچ رجسٹریشن کیمپ قائم کر لیں اور گھر گھر جا کر عمران خان کا فلسفہ اور پیغام پہنچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور طاقت کا دارالحکومت ہے اور جب لاہور کروٹ لیتا ہے تو حکمرانوں کی نیندیں او رچین چرا لیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے اشارے پر نہیں بلکہ اللہ کے سہارے پر نکلے ہیں۔ حکمران کہتے ہیں ہم جمہوریت کو ڈی ریل کرنے نکلے ہیں لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم ملک میں حقیقی جمہوریت قائم نکلے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات