Live Updates

چاروں صوبوں سے خواتین آزادی مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کریں گی ‘ صدر تحریک انصاف ویمن ونگ

ہفتہ 2 اگست 2014 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی منزہ حسن نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں سے خواتین آزادی مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کریں گی ،انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے میں لاہور میں خود موجود ہوں اورتمام شہروں کا دورہ کروں گی ،چودہ اگست کو عوام اپنے بچوں اور آئندہ نسلوں کو بچانے کے لئے باہر نکلیں گے ،پارٹی نے ابھی تک اراکین اسمبلی سے استعفیٰ نہیں مانگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر نوشین حامد اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور وومن ونگ کی صدر نیلم اشرف ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی مارچ کو روکنا حکومت کی سنگین غلطی ہوگی ،245کا آرٹیکل کا نفاذ حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہ کہااگر حکومت گرفتاریاں کرنا چاہتی ہے تو اس کے لئے تحریک انصاف کے کارکن تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ 14اگست کے روزخواتین کارکنان آزادی مارچ کا ہر اول دستہ ہو گی ، جس طر ح خواتین نے پاکستان بنانے میں مادر ملت فاطمہ جناح کے ساتھ ملکر تاریخی کردار ادا کیا تھا آج پاکستان کو بچانے میں خواتین کو ایک بار پھر اسی جذبہ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست کا آزادی مارچ کاٹھاٹھیں مارتاسمندر جعلی حکمران ٹولے کو بہا کر لے جائے گا ۔

اس موقع پر منزہ حسن نے نوشین حامد معراج کو وومن ونگ سنٹرل کی نائب صدر ،ایشما شجاع کو سنٹرل سیکرٹری فارن افئیراور ملیحہ حسین کو سنٹرل سیکرٹری سو شل ویلفیئر جبکہ ام البنین کو نائب صدر ریجن کا نوٹیفکیشن دیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف ویمن ونگ دو دھڑوں میں تقسیم ہو گیا ہے اور پنجاب کی صدر سلونی بخاری نے نیلم اشرف کو لاہور کا صدر تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرقا تیمور ہی تحریک انصاف لاہور کی صدر ہیں۔ منزہ حسن مرکز کے معاملات چلائیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات