حادثے سے پہلے حارث سلیمان کا طیارہ کسی مشکل کا شکار نہیں تھا،عینی شاہد

ہفتہ 26 جولائی 2014 12:34

حادثے سے پہلے حارث سلیمان کا طیارہ کسی مشکل کا شکار نہیں تھا،عینی شاہد

پاگو پاگو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء)پاکستان نژاد امریکی شہری حارث سلیمان کے جہاز کو گرنے سے چند سیکنڈ پہلے دیکھنے والے عینی شاہد نے بتایاہے کہ طیارہ کافی نیچے پرواز کررہا تھا، مگر بحرالکاہل کے جنوب میں امریکی جزائر سماوا کے قریب اس کے سمندر میں گرنے سے قبل وہ کسی مصیبت کا شکار نہیں تھا،امریکن سماوا کے علاقے ماتو کے رہائشی برٹ تھامپسن نے بتایا کہ اس نے سترہ سالہ حارث سلیمان اور اس کے 58 سالہ والد بابر سلیمان کے طیارے میں کسی قسم کی آگ، دھماکہ یا ایمرجنسی لائٹس جلتی نہیں دیکھی تھیں۔

(جاری ہے)

تھامپسن نے اس طیارے کو اپنے ساحلی گاؤں کے ایک بس اسٹاپ سے دیکھا تھا، انہوں نے بتایا کہ وہ اچانک ہی نیچے کی جانب گیا، اور سمندر میں گرگی۔تھامپسن نے بتایا کہ اس نے جہاز کو پانی سے ٹکراتے نہیں دیکھا کیونکہ وہ دور تھا جبکہ آسمان پر چاند نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرا بھی کافی تھا۔دوسری جانب غمزدہ خاندان اور دوستوں نے بابرسلیمان کی تلاش کے لیے مزید وسائل استعمال کرنے کی اپیل کی۔ایک قریبی دوست اظہر خان نے متاثرہ خاندان کے گھر کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی بہت زیادہ اہمیت ہے، بابر ایک فائٹر تھا اور میں جانتا ہوں کہ وہ وہاں اس امید کے ساتھ موجود ہوگا کہ کوئی آئے گا اور اسے بچالے گا۔