سعودی خواتین کو گھریلو تنازع عدالت لانا مہنگا پڑ گیا،کزنز کو 'وٹس ایپ' پر گالیاں دینے کے الزام میں کوڑوں کی سزا

جمعرات 24 جولائی 2014 23:57

سعودی خواتین کو گھریلو تنازع عدالت لانا مہنگا پڑ گیا،کزنز کو 'وٹس ایپ' ..

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء)جدہ کی فوجداری عدالت نے دو سعودی رشتہ دار خواتین کو 'وٹس ایپ' اور موبائل پیغامات میں ایک دوسرے کی توہین کرنے کے الزام میں دس دن قید اور 20 کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔سعودی روزنامہ 'عکاظ' کے مطابق ان خواتین میں سے ایک نے اپنی کزن کے خلاف الزام لگایا تھا کہ انہوں نے خاتون کو توہین آمیز میسج بھیجے ہیں جس سے ان کی توہین ہوئی لہذا انہیں اس وقت ہرجانہ ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس کیس کی سماعت کرنے والے جج نے دونوں خواتین کو کہا کہ وہ اپنے رویے پر غور کریں اور اس معاملے کے حل میں اپنے خاندانی رشتے اور ماہ رمضان کا خیال رکھیں۔جب ان دونوں خواتین نے باہمی مفاہمت سے انکار کر دیا تو جج نے سزا سنا دی اور ان سے عہد لیا کہ وہ ایک دوسرے کو جسمانی یا زبانی طور پر نقصان نہیں پہنچائیں گی۔ دونوں خواتین اس سزا کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور انہیں ایسا 30 دنوں کے اندر اندر کرنا ہو گا۔