حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح کسی بھی سنگین واردات کی ایف آئی آر درج نہیں ہونے دیتی‘شجاعت حسین،پرویزالٰہی ،مسلم لیگی رہنماؤں کی جانب سے گجرات میں کمسن بچے کے دونوں ہاتھ کاٹنے کی شدید مذمت، فوری ایف آئی آر درج کر کے ملزموں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ

جمعرات 24 جولائی 2014 22:22

حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح کسی بھی سنگین واردات کی ایف آئی آر درج ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے گجرات کے گاؤں چک بھولا میں معمولی تنازعہ پر کمسن بچے کے دونوں ہاتھ کاٹنے کی سفاکانہ واردات کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح کسی بھی سنگین واردات کی ایف آئی آر درج نہیں ہونے دیتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس گھناؤنے کھیل کو صوبہ میں امن و قانون کی ابتر صورتحال کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب حکومتی سطح پر بے گناہ سیاسی کارکنوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جائے گا تو عام لوگوں میں بھی یہی رجحان فروغ پائے گا۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ جہاں ایک ماہ گزر جانے کے باوجود اب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی وہاں اطلاعات کے مطابق چار دن گزرنے کے باوجود اس گھناؤنی واردات کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی جس سے موجودہ حکمرانوں کی آئین اور قانون پر عملدرآمد کے بارے میں رویہ کا اندازہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس المناک واردات کے ملزموں کے خلاف مدعی کی درخواست کے مطابق ایف آئی آر درج کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔